ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

Mar 04, 2024 | 09:33:AM
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)محکمہ موسمیات نے  ملک کے بالائی علاقو ں ، کشمیر ،گلگت ،پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی۔

ملک کےبالائی علاقوں ،کشمیر اورگلگت بلتستان میں بارش اوربرفباری کا امکان  جبکہ دیگر حصوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق بالائی خیبر پختونخوا ، کشمیر، گلگت بلتستان ، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے،ملک میں سب سےکم درجہ حرارت لہہ ، قلات ، کالام میں منفی آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔میرکھانی ، کوئٹہ ، سمنگلی میں منفی پانچ ، اسکردو منفی چار، ژوب منفی تین ،گوپس ، بگروٹ ، ہنزہ اور مری میں منفی دو سینٹی گریڈ رہا،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت آٹھ ڈگری ، لاہور میں 9، کراچی تیرہ اور پشاور میں پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ ہفتے سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی،سرد ہواؤں کا راج درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے،نمی کا تناسب 75 فیصد جبکہ 10 کلو میٹر کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

اس کے علاوہ محکمے نے  کراچی  میں  بارشوں کےنئے اسپیل کی پیشگوئی کردی، محکمے کا کہناہے کہ کراچی میں 9 مارچ کو مغربی ہواؤں کا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگا،10 مارچ سے کراچی میں ہلکی اور تیز بارشیں متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ  آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور، مردان، نوشہر ہ، چارسدہ، چترال، دیر،سوات، شانگلہ،بونیر، مالاکنڈ، کوہستان، بٹگرا م،تورغر، مانسہرہ، ہری پور، ایبٹ آباد، مہمند، باجوڑ،صوابی، کرک، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، اورکزئی،کرم، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان، شمالی و جنوبی وزیر ستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

بارشوں اور برف باری کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی اور سیلاب کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات نے بالائی اضلاع سفر کرنے والے سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایات دی ہیں۔

دوسری جانب دیر بالا کے علاقوں میں شدید برفباری سے راستوں کی بندش کی وجہ سے تعلیمی ادارے 8 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،دیر بالا میں بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم چکا ہے، دیر بالا، لواری ٹنل کمراٹ بن شاہی و دیگر بالائی علاقوں میں 7 فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی۔

محکمے کی جاری رپورٹ کے مطابق دیر بالا،گاڑیاں، دکانیں اور مکانات برف میں دھنس گئے، بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، ڈپٹی کمشنر دیر بالا کا کہنا ہے کہ سڑکوں سے برف ہٹانے اور بجلی بحالی پر کام جاری ہے، عوام اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ہیٹی میں مسلح گروہوں کا جیل پر حملہ، 4 ہزار قیدی فرار ,4 پولیس اہلکار ہلاک

دوسری جانب  پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کے لئے امدادی سامان بھیج دیاگیا ہے، بٹگرام، کوہستان اپر، باجوڑ کے لئے امدادی سامان کے 9 ٹرک بھیجے گئے جن میں رضائیاں، خیمے اور کمبل شامل تھے۔