نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے

Mar 04, 2024 | 09:52:AM

(24 نیوز) نومنتخب وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، حلف برداری کی تقریب آج ہو گی۔

ذرائع کے مطابق نو منتخب وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں آج سہ پہر 3 بجے ہو گی، ایوان صدر میں تقریب حلف برداری کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں، نومنتخب وزیر اعظم کی حلف برداری کیلئے دعوت نامے بھی ارسال کر دیئے گئے ہیں۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق شرکت کریں گے، اس کے علاوہ چاروں صوبوں کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24 ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں، قومی اسمبلی میں قائد ایوان کیلئے ہونے والے انتخاب میں شہباز شریف نے 201 اراکین کی حمایت حاصل کی جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب نے 92 ووٹ لیے۔

مزیدخبریں