مصطفیٰ قتل کیس، ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں 6 دن کی توسیع

Mar 04, 2025 | 15:15:PM
مصطفیٰ قتل کیس، ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں 6 دن کی توسیع
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مصطفی عامر قتل کیس میں گرفتار ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں 6 دن کی توسیع کردی جبکہ ملزم شیراز کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں مصطفیٰ عامر قتل کیس کی سماعت کی تاہم پولیس کی جانب سے دونوں ملزمان ارمغان اور شیراز کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

ملزم ارمغان نے عدالت میں پیشی کے موقع پر کہا کہ پندرہ دن سے یہی کپڑے پہنا ہوا ہوں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ میڈیکل کروایا ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ جی کروایا ہے میڈیکل۔

ملزم کے وکیل نے کہا کہ پہلے دن تشدد کیا تھا، پندرہ دن ہوچکے تفتیش مکمل ہو گئی ہے، اب ان کے پاس ریمانڈ کا کوئی جواز نہیں۔

ملزم ارمغان نے کہا کہ مجھ سے زبردستی انگوٹھا لگوایا ہے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم نے آلہ قتل سے دیگر کو بھی زخمی کیا، وہ ریکور کروانا ہے، ملزم سے جدید اسلحہ برآمد ہوا ہے، پورے ملک میں پینِک پھیل گیا ہے، جو چیزیں رہ گئیں وہ مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

ارمغان کے وکیل نے کہا کہ ملزم کے خلاف کوئی اور ایف آئی اور نہیں ہیں، سترہ دن ان کے پاس رہے اب کیا چاہتے ہیں، ملزم کو جیل بھیج دیا جائے اور میڈیکل کروایا جائے۔

وکیل نے مزید کہا کہ پندرہ دن میں چالان پیش کرنا چاہیے، سترہ دن تو ان کے پاس ہوگئے، چالان کب دیں گے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ سر تفتیش مکمل تو ہوجائے، تیرہ دن سے ہمارے پاس ہے۔

ملزم کے وکیل نے کہا کہ ہمیں میڈیکل کرانے دیا جائے، یہ تو آئی او نے کیا ہے۔

شیراز کو عدالت میں پیش کیا گیا تو عدالت نے استفسار کیا کہ شیراز آپ کا وکیل کون ہے؟ جس پر ملزم شیراز کے وکیل نے کہا کہ گواہ کو ملزم بنادیا ہے۔

عدالت نے آئی او سے استفسار کیا کہ یہ کیس کس کے دائرہ اختیار میں ہے، جس پر آئی او نے بتایا کہ اسپیشل کیس ہے کورٹ آرڈر کے تحت آپ کے پاس ہے۔

عدالت نے کہا کہ 164 کے بعد تو جے سی کرنا چاہیئے تھا، جس پر ملزم وکیل نے کہا کہ اگر ملزم انکار کرتا ہے یا اقرار اسے جے سی کیا جاتا ہے۔

بعدازاں عدالت نے ملزم شیراز کو عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا جبکہ ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں 6 دن کی توسیع کردی۔