محمد رضوان کی کپتانی فراری سے رکشہ پر آ گئی: محمد عامر

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24 نیوز)پاکستان کے سابق فاسٹ باولر محمد عامر نے بطور کپتان وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی فیصلہ کرنے کی صلاحیتوں پر اپنے عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔
محمد عامر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ میں ہمیشہ ہی ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران رضوان کی کپتانی کی تعریف کرتا تھا لیکن اب ان کے فیصلے تبدیل ہوچکے ہیں۔
فاسٹ باولر نے ہنستے ہوئے کہا "رضوان، آپ اب فراری سے رکشہ پر جا چکے ہیں، پی ایس ایل میں ان کی کپتانی کی صلاحیتوں کی وجہ سے ان کی ٹیم کئی بار ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی"۔
انہوں نے کہا کہ رضوان کی فیصلہ سازی بالکل بدل گئی ہے، مجھے سمجھ نہیں آتا کہ اس تبدیلی کی کیا وجہ ہے، کیونکہ میں اس عرصے کے دوران ان کے ساتھ ڈریسنگ روم میں نہیں رہا، ان کے انتخاب اب غیر معمولی معلوم ہوتے ہیں۔
فاسٹ باولر کا مزید کہنا تھا کہ 'اگر رضوان یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں ٹیم کے انتخاب پر کوئی اختیار نہیں، تو یہ بات کسی صورت درست نہیں ہے۔
رضوان ایک مؤثر کھلاڑی ہیں اور اسی نے انہیں کپتان بننے میں مدد کی، رضوان یہ ہی صلاحیت ٹیم کی تشکیل کے لیے استعمال کرسکتے تھے، لیکن انہوں نے یہ دلیرانہ قدم نہیں اٹھایا، اور اس کی وجہ مجھے سمجھ نہیں آتی۔