بھارت کو بڑا ٹوٹل دینے میں ناکامی شکست کی وجہ بنی:آسٹریلوی کپتان

Mar 04, 2025 | 23:44:PM

(24 نیوز)آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نےکہا ہےکہ بھارت کو 300 رنز کا ہدف نہ دینا میچ کے نتیجے پر اثر انداز ہوا، مستقبل میں ٹیم بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔

دبئی میں چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں 4 وکٹوں سے شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نےکہا کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 300 رنز بنانا ٹیم کی حکمت عملی کا حصہ تھا لیکن میچ میں انتہائی اہم موقع پر محمد شامی نے ان کو بولڈ کردیا، اننگز کے اہم ترین موقع پر وکٹ گنوانے سے میچ پر گرفت کمزور ہوگئی۔

 اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ ہم 300 یا اس سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن فل ٹاس پر وکٹ گنوانا میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا، اگر ہم اپنا یہ ہدف عبور کرلیتے تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔

خیال رہے کہ اسمتھ 73 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس وقت آسٹریلیا کا اسکور 198/5 تھا اور دبئی کی سست وکٹ پر مزید رنز بنانا مشکل ہوگیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ٹیم نے اچھی کرکٹ کھیلی جب کہ ہماری طرف سے کچھ مواقع ضائع ہوئے جن کی وجہ سے 260 کا ہدف کافی ثابت نہ ہوسکا۔

مزیدخبریں