(24نیوز) میانمار میں باغی تنظیم کاچن انڈی پینڈنس آرمی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوئوں نے بمباری کے بعد واپس جانے والے ملٹری ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار کی باغی تنظیم نے صوبے کاچن کے گائوں موئیم وک میں ایک ملٹری ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر گائوں پر بمباری کرکے واپس جا رہا تھا۔باغی تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میانمار کی لڑاکا طیاروں نے گاوں پر بمباری کی جب کہ اس ہیلی کاپٹر سے لوگوں پر گولیاں برسائی جارہی تھیں۔ فضائی کارروائی کے بعد ہیلی کاپٹر واپس جارہا تھا جسے جنگجوئوں نے راکٹ لانچر سے نشانہ بنایا۔
مقامی میڈیا نے بھی کاچن میں ملٹری ہیلی کاپٹر کے حملے میں تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیتوں میں ایک تباہ حال ہیلی کاپٹر سے دھواں اْٹھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے تاہم سرکاری سطح پر حادثے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ میانمار میں فوج نے جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا اور حکمراں 75 سالہ آنگ سان سوچی کو حراست میں لے کر ایک سال کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: اب باہر جانے کا نہیں واپس آنے کا موسم ہے:جاوید لطیف