شیخ راشد شفیق جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)اٹک کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا، شیخ راشد شفیق کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا،قیدیوں کی وین ضلعی عدالت پہنچی جس میں راشد شفیق کو بھی لایا گیا ہے، اس موقع پر عدالت کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے نعرے بلند کئے۔
تفصیلات کے مطابق مسجد نبویؐ کی بے حرمتی اور نعرے بازی کے معاملہ پر شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا،بغیر ثبوت کےشیخ راشد شفیق کو پیش کرنے پر جج نےپولیس افسروں پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ملزم سے موبائل فون برآمدکیوں نہیں کیاگیا؟اس موقع پرپولیس افسر نے جواب دیا کہ ملزم کاموبائل سعودی عرب رہ گیاہے،جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیسے ہوسکتاہے کہ ذاتی موبائل سعودیہ رہ گیاہو، موبائل لوکیٹ کرکے جواب دیاجائے ، عدالت نے پولیس کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شیخ راشد شفیق کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پراٹک جیل منتقل کرنےکا حکم جاری کر دیا۔
شیخ راشد شفیق کو سخت سکیورٹی میں ڈیوٹی جج کے روبرو پیش کیا گیا۔اس موقع پر عدالت کے باہر جمع ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں نے احتجاج کیا اور نعرے لگائے،عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، پی ٹی آئی کے کارکن ڈسٹرکٹ کورٹ کے باہر تاحال جمع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سیاسی بحران۔ عمر سرفراز چیمہ نے حکومت کو بڑی پیشکش کر دی
خیال رہے کہ چند روز قبل شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق کو عمرے سے واپسی پر اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا تھا،شیخ راشد شفیق کا اٹک کی ضلعی عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں عید کے دوسرے دن دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔