برطانوی اداکارہ ایما واٹسن نے اداکاری سے دوری اختیار کرنے کی وجہ بتا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)ہیری پوٹر فلم سیریز سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ایما واٹسن نے کئی برس بعد اداکاری سے دوری کی وجہ ظاہر کر دی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق، ایما واٹسن نے پہلی بار 2011ء اور 2012ء کے درمیان وزٹنگ سٹوڈنٹ پروگرام کا حصّہ بن کر آکسفورڈ کا دورہ کیا تھا جبکہ صرف 11 سال کی عمر میں ہیری پوٹر سیریز سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیاتھا ۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والی اداکارہ کی آخری فلم 'لٹل ویمن' 2019 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ بڑی سکرین سے دور ہیں۔ہیری پوٹر سیریز کے ساتھ ساتھ متعدد فلموں میں کام کرنے والی ایما واٹسن نے کہا کہ 'میں اداکارہ کے طور پر خوش نہیں تھی، حقیقت تو یہ ہے کہ میں خود کو جنگلے میں قید تصور کرتی تھی'۔
33 سالہ اداکارہ نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ 'مجھے جو چیز سب سے زیادہ مشکل لگتی تھی وہ یہ ہے کہ کسی ایسی چیز کو فروخت کرنے کی کوشش کروں جس پر میرا کوئی کنٹرول نہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'مجھے اس بات سے الجھن ہونے لگی تھی کہ میری کوئی آواز نہیں، میں اپنے خیالات کے مطابق کچھ بھی نہیں کہہ سکتی،یہ میرا فیصلہ تھا اور مجھے چیزوں کو بہتر طریقے سے کرنا چاہیے تھا'۔
اداکاری سے دور ہونے کے بعد وہ ڈائریکٹر اور رائٹر کے طور پر کام کر رہی ہیں اور فیشن برانڈز کے کمرشل تیار کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 'مجھے لگتا تھا کہ میں تخلیقی ذہن کی بجائے بس تکنیکی کام کر سکوں گی اور میرا خیال تھا کہ میں اپنی صلاحیت کو استعمال نہیں کر سکوں گی'۔
اداکارہ کے مطابق ان کے بھائی نے انہیں ایک فوٹو شوٹ کا کہا تھا جس سے ان میں ڈائریکشن کا شوق پیدا ہوا۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ اگرچہ وہ اداکاری سے دور ہو چکی ہیں مگر مستقبل قریب میں وہ پھر بڑی اسکرین پر واپسی کریں گی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اُنہوں نے اب ستمبر 2023ء سے شروع ہونے والے سیشن میں کریئٹو رائٹنگ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا ہے۔