وزیراعظم کا نگران حکومت میں گندم کی درآمد کی شفاف تحقیقات کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے نگران حکومت کے بعد گندم کی درآمدات کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔
ملک میں گندم درآمدات کا حالیہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب یہ بات منظرعام پر آئی نگران حکومت کے ختم ہونے کے بعد نئی حکومت نے بھی گندم کی درآمدات کا سلسلہ جاری رکھا۔
وزیر اعظم نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جس کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس بات کا پتا لگایا جائے کہ نگران حکومت کےبعد منتخب حکومت میں بھی گندم کی درآمدات کیوں جاری رکھی گئی؟، کمیٹی وافر اسٹاک کے باوجود فروری 2024 کے بعد بھی گندم درآمدات کا معاملہ دیکھے گی جبکہ اس سلسلے میں درآمدات کی اجازت دینے اور ایل سیز کھولنے کی ذمہ داروں کا تعین بھی کرے گی۔
کمیٹی 4روزمیں اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے نگران حکومت میں گندم کی درآمد کی شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا،ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے گندم درآمد سکینڈل کی انکوائری کمیٹی کے سربراہ سیکرٹری کابینہ کامران علی افضل نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم نے سیکرٹری کابینہ کو نگران حکومت میں گندم کی درآمد کی ہر لحاظ سے مکمل شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے دستیاب ریکارڈ اور دستاویزات کو سامنے رکھ کر سفارشات مرتب کرنے اور سیکرٹری کابینہ کو پیر تک حتمی رپورٹ کی ہدایت کر دی،وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ذمہ داروں کا واضح تعین کریں، کوئی لگی لپٹی مت رکھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری کابینہ کی سربراہی میں دوسری انکوائری کمیٹی کے اجلاس جاری ہیں، کمیٹی آج چھٹی کے باوجود بھی پہلی کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لے گی۔