( 24 نیوز) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں فری میڈیسن ڈلیوری پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا، خود ادویات لے کر مریضہ کے گھر پہنچ گئیں ۔
تفصیلا ت کے مطابق پنجاب بھر کیلئے فری میڈیسن ڈلیوری پراجیکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف میڈیسن لیکر شادمان کے کچی آبادی سروسز کوارٹرز کی تنگ گلیوں سے گزر کر رائیڈر کے ہمراہ سابق کونسلر ملک منور کی والدہ رسولاں بی بی کے گھر پہنچیں، وزیرا علیٰ مریم نواز کو دیکھ کردل کی مریضہ رسولاں بی بی خوش اورجذباتی ہوگئیں اور کہا میری بیٹی میرے لیے دوائیاں لیکر خود آگئی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مریضہ کا حال چال پوچھا،ادوایات پیش کیں اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی ۔
اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید،ایم این اے عون چودھری، صوبائی وزراء عظمی بخاری، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر،چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہیلتھ، اطلاعات،سابق چئیرمین یوسی 198 مردان علی زیدی ،میاں محمد طارق بھی موجود تھے،علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ میں سہولت مرکز کا بھی افتتاح کیا، ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی رجسٹریشن کے عمل کا دوبارہ باقاعدہ آغاز کیا ادویات کا معیار چیک کرنے کے لئے قائم ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کا بھی معائنہ کیا، کرومیٹو گرافی، ڈرگ ریلیز لیب اور ڈرگ سیمپل ریسونگ ایریا کا بھی دورہ کیا، نواز ہیپاٹائٹس ریفرنس کم پبلک ہیلتھ لیب اور ایف ایم صحت زندگی کا بھی دورہ کیا اور ایف ایم صحت زندگی کو پوڈ کاسٹ بھی ریکارڈ کروایا۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ مریم نواز کو فری میڈیسن ہوم ڈلیوری پروگرام پر بریفنگ دی گئی ادویات کی پیکنگ سے لیکر ڈلیوری تک کے عمل سے آگاہ کیا گیا،وزیر اعلیٰ مریم نواز پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈویلپمنٹ ونگ کا سنگ بنیاد بھی رکھا،پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ میں ڈاکٹرز کے لئے وین کا بھی معائنہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : میئر آف لندن کا انتخاب، صادق خان تیسری بار بازی جیت گئے