واردات میں مزاحمت کیوں کی؟ ڈاکوئوں کا بدلہ۔ دکاندار قتل

Nov 04, 2021 | 10:06:AM

 (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ڈاکوؤں نے  ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا بدلہ لینے کے لئے دکاندار کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کی حدود راجپوت کالونی میں 28 اکتوبر کو دودھ کی دکان پر دو ملزمان نے واردات کے دوران فائرنگ کرکے دکان کے مالک راؤ آفتاب احمد کو قتل کردیا تھا۔

سہیل فیض کے مطابق اس "بلائنڈ مرڈر" کیس کا سراغ لگانے کیلئے پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے واردات کرنے والے دونوں ملزمان کا سراغ لگایا، ایک ملزم نیاز کو پولیس نے بدھ کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم نیاز کے قبضے سے واردات میں استعمال کی گئی موٹر سائیکل اور ہیلمٹ بھی برآمد کیا ہے۔

 پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نیاز نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے اپنے ساتھی رزاق کے ہمراہ 5 اکتوبر کو بھی اسی دکان پر واردات کی کوشش کی مگر دکاندار نے مزاحمت کی تو انہیں واردات ادھوری چھوڑ کر ناکام جانا پڑا تاہم ان کی فائرنگ سے دکاندار زخمی ہوگیا تھا۔

گرفتار ملزم کے بیان کے مطابق پہلی واردات میں مزاحمت کا مزہ چکھانے اور بدلہ لینے کیلئے انہوں نے اسی دکان پر پھر ڈکیتی کا منصوبہ بنایا اور واردات کے دوران فائرنگ کرکے دکاندار کو قتل کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے ساتھی رزاق کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
 یہ بھی پڑھیں:    پاکستانی ائیرلائنز کا کرایوں میں ہوشربا اضافہ ۔۔۔
 

مزیدخبریں