پاکستان کے موجودہ حالات پر دلچسپ تبصرہ،انورمقصودکی ویڈیو وائرل

Nov 04, 2022 | 11:24:AM

(ویب ڈیسک )پاکستان کے معروف لکھاری، دانش ور اور طنز و مزاح نگار انور مقصود کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔جس میں وہ پاکستان کے موجودہ حالات کے بارے میں اپنے مخصوص انداز میں تبصرہ کر رہے ہے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پرتیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کی مرکز توجہ بنی ہوئی ہیں جس میں انور مقصود کو ایک تقریب کے دوران پاکستان کے موجودہ حالات پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔انور مقصود نے تقریب سے اپنے روایتی مزاحیہ انداز میں ملک کی موجودہ حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہتے ہیں کہ’’قائد اعظم کے بعد ملک کو کوئی اچھا سربراہ نہیں ملا، اگر کوئی ایک آدھ آیا بھی تو اسے ہٹا دیا گیا‘۔اُنہوں نے کہا کہ’آج پاکستان 75 سال کا ہوگیا ہے، 75 سال ترقی کے لیے بہت ہوتے ہیں مگر ہمارا ملک نہ بجلی پیدا کر رہا ہے، نہ گندم پیدا کر رہا ہے، نہ ٹماٹر پیدا کررہا ہے، صرف بچے پیدا کر رہا ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’اگر پاکستان 75 برس کی عمر میں بچے پیدا کررہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ طاقتور ملک ہے‘۔انور مقصود نے اپنا مزاحیہ تبصرہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ’صرف کرکٹ ایک ایسا میدان باقی رہ گیا ہے، جس میں ہم جیت سکتے ہیں‘۔

کرکٹ کے بارے میں اُنہوں نے کہا کہ’میں نے رمیز راجہ کو مشورہ دیا کہ ٹی 20 میں پاور پلے کی بہت اہمیت ہوتی ہے، اگر تم بابر اعظم اور رضوان کی جگہ کسی بریگیڈیئر یا کرنل کو کہو کہ پہلے 6 اوورز وہ کھیل لیں‘۔

انور مقصود نے مزید کہا کہ’کیونکہ پاور پلے کو فوج سے بہتر کوئی نہیں جانتا اور یہ لوگ کسی کو بھی بڑی آسانی سے آؤٹ کرسکتے ہیں لیکن رمیز راجہ نے میری ایسی کوئی بات نہیں سنی ‘۔

یاد رہے کہ انور مقصود پاکستان کے مشہور اداکار،رائٹراور مزاح نگار ہیں ان کی تحریں آج بھی ہر جگہ پڑھی اور سنی جاتی ہیں۔

مزیدخبریں