امریکا کا راحت فتح علی خان کو ویزا دینے سے انکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے گلوکار راحت فتح علی خان کو کنسرٹ میں شرکت کیلئے ویزا دینے سے انکار کردیا۔
امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ویزا حاصل کرنے کیلئے آپ کو 2015 تا 2023 ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے آئی آر ایس ڈاکومنٹیشن اور بولی ووڈ ایونٹ ایل ایل سی کی طرف سے قانونی دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی تاہم راحت فتح علی خان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے امریکا میں اپنے پروموٹرز کے ذریعے تمام ٹیکسوں کی ادائیگی کر دی تھی۔
راحت فتح علی خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنے پروموٹرز سے رابطہ کرکے ان سے ٹیکسوں کی ادائیگی کے مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کیلئے کہا ہے اور اس کے بعد یہ دستاویزات سفارت خانے میں جمع کرائی جائیں گی۔
گلوکار نے کہا کہ انہوں نے رواں سال امریکا کا دورہ کیا تھا اور اگر مذکورہ عرصہ کے ٹیکسوں کی ادائیگی نہ کی ہوتی تو سفارت خانہ پہلے ویزا جاری نہ کرتا، ان ہتھکنڈوں کے ذریعے انہیں اور ملک کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ راحت فتح علی خان نے رواں ماہ 18 نومبر 2023 کو ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز آف نارتھ امریکا کے زیر اہتمام میوزیکل شو میں شرکت کیلئے امریکا جانا تھا۔
کنسرٹ کی بکنگ راحت فتح علی خان کے پروموٹر ریحان صدیقی کے ذریعے کرائی گئی تھی، پروموٹر نے ہی گلوکار کے ویزے کیلئے درخواست دی اور ضروری دستاویزات سفارت خانے کو فراہم کیں تاہم سفارت خانے نے گلوکار کو 2015-23 کے دوران اُن کی امریکی آمدنی پر ٹیکس کے معاملات کی وجہ بتاتے ہوئے ویزا دینے سے انکار کیا ہے۔
دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ راحت فتح علی خان ماضی میں چار مختلف پروموٹرز کے ذریعے امریکا گئے جن میں دی میوزک ورلڈ ایل ایل سی، دی وائبرینٹ میڈیا گروپ ایل ایل سی، دیسی فیسٹ 2018 ایل ایل سی، اور سائی پروڈکشن شامل ہیں۔ ان کمپنیوں نے 2015-23 تک راحت فتح کو اسپانسر کیا۔
گلوکار کا دعویٰ ہے کہ انہیں ان کنسرٹس کی رقم ٹیکس کٹوتی کے بعد ملی لہٰذا امریکا میں اس آمدنی پر ٹیکس ادا کرنا پروموٹرز کی ذمہ داری تھی۔ 2012-23 سے، راحت فتح علی خان کے تمام میوزیکل شوز ان کے بین الاقوامی مینیجر/میوزک پروڈیوسر سلمان احمد کے ذریعے بک کیے گئے تھے جو متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں۔
شوز کی بکنگ کے علاوہ وہ راحت فتح کے ٹیکس اُمور کو پورا کرنے کے بھی ذمہ دار تھے تاہم ذاتی وجوہات کی بنا پر دونوں نے تعلق ختم کر دیا ہے۔
امریکا میں گلوکار کے نئے منتظمین کی رائے ہے کہ کسی نے سفارتخانے کو راحت فتح علی خان کے ٹیکس کے معاملات کے بارے میں اطلاع دی ہے اور یہ کوئی ایسا شخص ہو سکتا ہے جو ان کے قریب رہا ہو۔ جب راحت فتح علی خان کے سابق مینیجر/ پروڈیوسر سلمان احمد سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ 2012 سے ان کے ساتھ ہیں،گزشتہ 11 برسوں میں ہم نے بین الاقوامی سطح پر سینکڑوں کنسرٹس کیے، ہمارے تعلقات مثالی تھے، حال ہی میں خان صاحب نے فیصلہ کیا کہ ان کا فرسٹ کزن ان کے تمام معاملات دیکھے گا۔
مزید پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی کی نیب کیسز میں ضمانت بحالی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر
18 نومبر کے میوزیکل شو کے آرگنائزر ڈاکٹر عاصم سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ پاکستان سے کسی فنکار کو مدعو کرتے ہیں تو وہ کچھ پروموٹرز کے ذریعے کرتے ہیں، ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ راحت فتح کو ٹیکس کی بنیاد پر ویزا دینے سے انکار کر دیا جائے گا کیونکہ وہ ماضی قریب میں امریکا آئے تھے، ہم نے کچھ اور فنکاروں کو بھی مدعو کیا تھا اور راحت فتح علی خان کے علاوہ سب کو ویزے مل گئے ہیں۔،ایسا کوئی طریقہ نہیں ہے کہ سفارت خانہ کسی کو ویزا جاری کرنے سے پہلے ٹیکس ریکارڈ چیک کرے، ہو سکتا ہے کہ کسی نے سفارت خانے کو اس کی اطلاع دی ہو۔
امریکا مین راحت فتح علی خان کے نئے پروموٹر ریحان صدیقی نے دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بطور پروموٹر یہ راحت فتح علی کے ساتھ اُن کا پہلا شو تھا، ہمیں نہیں معلوم کہ ماضی میں اُن کے پروموٹرز نے گلوکار کا ٹیکس ادا کیا یا نہیں، اگرچہ ویزا نہیں ملا لیکن اِس دورے پر ان کا ٹیکس ادا کرنے کی ذمہ داری ہماری تھی۔