بچوں کوپرفیکٹ بنانے کے چکر میں خودکو اورانہیں پریشان کئے رکھا،سنیتامارشل
دوسروں کی دیکھا دیکھی پریشر لیا لیکن اب سمجھدارہوگئی ہوں اس لیے ایسانہیں کرتی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)اداکارہ سنیتا مارشل نے اعتراف کیا ہے کہ بچوں کو بہتر سے بہتر بنانے کے چکر میں انہوں نے نہ صرف بچوں بلکہ خود کو بھی پریشان کئے رکھا لیکن اب وہ ایسا نہیں کرتیں۔
سنیتا مارشل حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے بطور والدہ بچوں کی تربیت کے حوالے سے اپنی غلطیوں کااعتراف کیا۔
اداکارہ نے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ پہلے وہ بچوں کو پرفیکٹ بنانا چاہتی تھیں، انہیں گھڑ دوڑ سمیت تیراکی اور دوسری چیزیں سکھانے کے ساتھ ساتھ پڑھائی میں بھی اچھے نمبرز لانے کے لیے تیار کرتی تھیں،بچوں کو پرفیکٹ بنانے، انہیں ہر شعبے میں بہتربنانے کے چکرمیں انہوں نے خود اور بچوں کو پریشان کیا۔
سنیتا مارشل نے کہا کہ بچوں کو پرفیکٹ بنانے کے چکر میں وہ شوٹنگ سیٹ پر ساتھی فنکاروں سمیت دوسری ٹیم سے جھگڑا کرتی رہتی تھیں کہ انہیں گھرجاکر بچوں کو گھڑ دوڑ یا تیراکی کی کلاسوں کے لیے لے کر جانا ہے،وہ شوٹنگ چھوڑ کر بچوں کو کلاسز کے لیے لے کرجاتیں، پھر وہاں سے انہیں واپس گھر چھوڑنے کے بعد شوٹنگ پر جاتیں،اسی چکر میں انہوں نے خود کو تھکانے کے ساتھ ساتھ پریشان بھی کیا۔
سنیتا مارشل نے مزید کہا کہ ہمیں سمجھنا چاہیے کہ ہرانسان پرفیکٹ نہیں ہوتا اورہر کسی کی اپنی صلاحیتیں ہوتی ہیں،وہ بچوں کو پرفیکٹ بنانے کی دوڑ میں لگی رہیں،انہوں نے دوسروں کی دیکھا دیکھی پریشر لے لیا لیکن انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔
سنیتا مارشل کا کہنا تھا کہ بچوں کی پیدائش کے چند سال بعد تک انہوں نے ایسی غلطیاں کیں،اب وہ ایسا نہیں کرتیں،اب وہ سمجھ گئی ہیں اس لیے انہوں نے خود کو اور بچوں کو تکلیف سے بچا لیا ہے۔