(24نیوز)قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔
ایک بیان میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم ناگزیرہے، آج ہمیں موسمیاتی تبدیلی کا بڑا چیلنج ہے،موسمیاتی تبدیلی کا یہ چیلنج پائیدار ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے، موسمیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنج سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششیں درکار ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پائیدار ترقیات اہداف کو قومی ترقی کے ایجنڈے سے ہم آہنگ کیا، پاکستان کی پارلیمنٹ ماحول دوست توانائی پر منتقل ہونے والی پہلی پارلیمنٹ ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نظم و نسق سمیت دیگر شعبوں میں مصنوعی ذہانت کی اہمیت بڑھ گئی ہے، غذائی تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں،ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ خواتین کو مساوی مواقع کی فراہمی کے ذریعے بااختیار بنانا ضروری ہے، پائیدار ترقی کے عمل میں خواتین اہم شراکت دار ہیں۔