اداکارہ نرگس تشدد کیس کی تفتیش خصوصی جنسی جرائم کےتفتیشی یونٹ کومنتقل 

شوہرکے تشدد کے بعداداکارہ کے والد ادریس بھٹی تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل ہوگئے 

Nov 04, 2024 | 15:29:PM

(وقاص احمد)اسٹیج اداکارہ نرگس پر شوہر کے تشدد کے معاملہ میں کیس کی تفتیش خصوصی جنسی جرائم کےتفتیشی یونٹ کومنتقل کرکے ایس ایس او آئی یو کینٹ ڈویژن کی خاتون آفیسر تفتیشی مقررکردی گئیں۔ 

اداکارہ کا شوہر ملزم انسپکٹر ماجد بشیر تاحال شامل تفتیش نہیں ہوااور 18نومبر تک حفاظتی ضمانت پر ہے۔

ڈیفنس سی پولیس نے نرگس کی مدعیت میں انسپکٹر ماجد بشیر کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے،میڈیکل رپورٹ میں چہرے، گردن اور کمر پر تشدد ثابت ہوگیاہے،انویسٹی گیشن پولیس نرگس اور گھریلو ملازمین  کے علاوہ اداکارہ کے بھانجے کے بیانات بھی قلمبند کر چکی ہے،وزیراعلی پنجاب نے بھی ان  پر تشدد کا نوٹس لیا تھا۔ 

دوسری طرف اداکارہ نرگس پر شوہرکے تشدد کے بعد ان کے والد ادریس بھٹی انتہائی تشویشناک حالت میں ویلنشیا ٹاؤن کے مقامی ہسپتال میں داخل ہیں،بتایا گیا ہے کہ بیٹی کی ٹینشن کے باعث اداکارہ کے والد کی طبیعت اچانک خراب اور تشویشناک ہوگئی۔

واضح رہے کہ اداکارہ غزالہ عرف نرگس پر تشدد کی تصاویر اور ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں، اداکارہ کے بھائی نے بھی میڈیا کو بتایا کہ ان کی بہن کو شوہر نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

نرگس نے چند برس پہلے انسپکٹر ماجد بشیر سے شادی کرکے شوبز کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا تھاجس کے بعد وہ پچھلے کچھ عرصےسے بیوٹی سیلون چلا رہی ہیں۔

 

 

مزیدخبریں