شاہ رخ خان نے سگریٹ نوشی چھوڑنے کاانکشاف کردیا،ویڈیووائرل

وہ ماضی میں روزانہ 100 سگریٹ پینے کا اعتراف کرچکے ہیں، میچ کے دوران سگریٹ نوشی پرتنقید کا سامنا کرناپڑا تھا

Nov 04, 2024 | 15:58:PM

(ویب ڈیسک)بالی وڈکے کنگ شاہ رخ خان نے اپنی 59 ویں سالگرہ کے موقع پر سگریٹ نوشی چھوڑنے کا انکشاف کردیا ۔

شاہ رخ نے  ہفتے کے روز اپنی59 ویں سالگرہ منائی تو اس  موقع پر مداحوں سے ملاقات کے دوران اداکار نےحیران  کن انکشاف کردیا جس کی ویڈیو ان کے فین پیج پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں شاہ رخ خان نے انکشاف کیا کہ ایک اچھی  خبر جو میں آپ سب کو بتانا چاہتا ہوں  وہ یہ کہ میں اب سگریٹ نوشی نہیں کرتا،مجھے لگا تھا  سگریٹ چھوڑنے کے بعد  میرا سانس نہیں پھولے گا لیکن اب بھی سانس پھولنے کی کیفیت محسوس ہوتی ہے، انشااللہ وہ بھی ٹھیک ہوجائے گی۔

بھارتی میڈیاکی رپورٹس کے مطابق  شاہ رخ خان ماضی میں روزانہ 100 سگریٹ پینے کا اعتراف کرچکے ہیں،2012 میں شاہ رخ خان کوآئی پی ایل میچ کے دوران سگریٹ نوشی کرنے پر تنقید کا سامنا کرناپڑا تھا۔

  2017 میں ایک تقریب کے دوران شاہ رخ نے بتایا تھا کہ میں اپنے  بچوں آریان، سہانا اور ابراہم کی خاطر سگریٹ نوشی اور شراب نوشی چھوڑنے کا ارادہ کر رہا ہوں۔

مزیدخبریں