جس نے سب سے زیادہ چور چور کا شور مچایا آج وہی پنڈورا پیپرز میں ہیں۔۔فضل الرحمان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مو جودہ حکومت ناجائز ہے،انکو عوام نے منتخب نہیں کیا ۔طاقتور ادارے ایسی ناجائز حکومت کیلئے سہارا بنے ہوئے ہیں۔ہم چاہتے ہیں اداروں پر عوام کا اعتماد ہو۔ادارے اگر ایسی حکومت کی پشت پناہی کرینگے تو پھر وہ خود ذمہ دار ہونگے ۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے ایک پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہا ہے کہ جو آدمی چور ہو تو کیا کوئی اس کو گھر کی رکھوالی کیلئے رکھ سکتا ہے؟ ہم چور اور دھاندلی والوں سے اصلاحات قبول نہیں کرینگے ۔ای وی ایم پر الیکشن کمیشن نے خود اعتراضات اٹھائے ہیں۔ان کا خیال ہے کہ دوبارہ حکومت میں آنے کیلئے مشین کے ذریعے دھاندلی کرینگے۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی آپ پر بھروسہ نہیں ۔ یہ حکومت دھاندلی سے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ اپنے حق میں ڈالنے کا سوچ رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے نام پر جھانسہ دیا جارہا ہے ۔معیشت تباہ اور برباد کردی گئی ہے۔ہمارا پیسہ ڈوب چکا ہے،ڈالر 173 تک پہنچ چکا ہے۔دنیا ہمارے ساتھ کاروبار اور مدد کیلئے تیار نہیں۔
ایک سو ال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اتحاد میں ہونے کے باوجود ن لیگ سے بھی فاٹا انضمام پر اختلاف کیا تھا ۔فاٹا کیساتھ کئے گئے وعدے تاحال پورے نہیں کئے جاسکے۔ہر سال 100 ارب کا وعدہ کیا گیا لیکن تین سال میں 50 سے 60 ارب روپے جاری ہوئے۔پنڈورا پیپر پر بحث ہورہی ہے لیکن پاناما میں جن کے نام آئے تھے انکا کیا بنا ۔عمران خان کی کچن کیبنٹ ،سب اس حمام میں ننگے ہیں۔جس نے سب سے زیادہ چور چور کا شور مچایا آج وہی پنڈورا پیپرز میں ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں:کسانوں کے احتجاج کی حمایت کرنے پر نوجوت سنگھ سدھو گرفتار