(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی جھوٹ اور دھوکہ دہی پر مبنی پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا، اقتدار سے محرومی کے بعد عمران خان معاشرے میں نفرت کا زہر گھول رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ’’دی گارڈین‘‘کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کرہ ارض پر سب سے زیادہ جھوٹ بولنے والا شخص ہے جو اقتدار سے محروم ہونے کے بعد معاشرے میں نفرت کا زہرگھول رہا ہے، اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عالمی رہنمائوں کے عمران خان کے بارے میں خیالات سن کرحیران رہ گیا، انہوں نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو بلاوجہ نقصان پہنچایا، نومبرمیں چین کا دورہ کروں گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ذاتی ایجنڈے کے لئے کرپشن کے خاتمے کو اپنا منشور بنا کر پیش کیا لیکن وہ پاکستانی تاریخ کے سب سے زیادہ ناتجربہ کار، خود پسند، انا پرست اور ناپختہ سیاست دان ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ لیک ہونے والی آڈیوز سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ عمران خان کرہ ارض پر سب سے زیادہ جھوٹ بولنے والا شخص ہے اور یہ بات میں خوشی سے نہیں کہہ رہا بلکہ یہ ہمارے لئے شرمندگی اور تشویش کا باعث ہے کیونکہ عمران خان کے ذاتی ایجنڈے اور مقاصد کے لئے بولے گئے جھوٹ سے ہمارے ملک کے تشخص کو نقصان پہنچا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کو اپنے تمام دانستہ مجرمانہ اقدامات کے لئے جوابدہ ہونا پڑے گا، عمران خان نے معاشرے میں اتنی نفرت اور زہر بھر دیا ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں تھا، وہ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں اور معاشرے میں نفرت پھیلاتے ہیں۔
شہباز شریف نے پاکستان کے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات دوبارہ استوار کرنے کے حوالے سے اپنی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اس وقت حیران رہ گئے جب کئی عالمی رہنماؤں نے ان سے ملاقات کے دوران عمران خان کے رویے کا ذکر کیا، بعض رہنماؤں نے مجھے عمران خان کی شخصیت کے حوالے سے ذاتی طور پر آگاہ کیا کہ وہ (عمران خان) ناشائستہ رویے کے حامل، جھوٹے اور خود پسند تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو بلاوجہ نقصان پہنچایا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ پاکستان کےچین کے ساتھ قریبی تعلقات کودوبارہ سے بہتر بنائیں گے جنہیں عمران خان کی طرف سے چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) کو مبینہ طور پر روکے جانے کے باعث نقصان پہنچا۔
وزیراعظم نے اس منصوبے کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نومبرمیں چین، جو پاکستان کا سب سے زیادہ آزمودہ دوست ہے ، کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی بہتری کےلئے ایک اچھا منصوبہ ہے۔
وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے حکومتی امور میں مشاورت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف ان کے رہنما اور بڑے بھائی ہیں اور وہ ان سے مشورہ کرتے ہیں لیکن انہوں نے مجھے فیصلے کرنے کے لئے مکمل اختیار دیا ہوا ہے۔
خاندانی سیاست کے حوالے سے عمران خان کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ خاندانی سیاست کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ اہلیت، عوامی حمایت اور عوام کا اعتماد جیتنے کی بات ہے۔