(24 نیوز ) پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشتگردوں کی فوجی قافلے پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔
آئی ایس پی آرکے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشتگردوں نے فوجی قافلے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فوجی دستوں نے فوری جوابی کارروائی کی اور 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لی گئیں ،دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔
فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے لانس نائیک محمد پناہ، اور ایف سی کے سپاہی شمس اللہ شہید ہوگئے ،30 سالہ لانس نائیک محمد پناہ کا تعلق جعفر آباد سے ہے جبکہ36 سالہ سپاہی شمس اللہ کا تعلق جنوبی وزیرستان سے ہے۔پاک فوج کا علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔