17 لاکھ سے زائد غیرقانونی افغان مہاجرین کیخلاف آپریشن کا آغاز یکم نومبر سے ہوگا

Oct 04, 2023 | 00:51:AM

(اویس کیانی) یکم نومبر سے پاکستان میں غیرقانونی طور پر موجود 17 لاکھ 30 ہزار افغانیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز ہوگا۔

پاکستان میں کتنے افغانی قیام پذیر ہیں اور ان کی تفصیلات کیا ہیں، چشم کشا حقائق سامنے آگئے۔

ذمہ دار سرکاری اداروں کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اس وقت 44 لاکھ افغانی مختلف شہروں میں قیام پذیر ہیں۔ پاکستان میں مقیم افغانی جن کے پاس رجسٹریشن کی دستاویزات موجود  ہیں ان کی تعداد صرف 10 لاکھ 42 ہزار ہے۔ افغان کارڈ والے 8 لاکھ 50 ہزار افراد پاکستان میں مقیم ہیں۔ 

17 لاکھ 30 ہزار افغانی پاکستان میں کسی بھی قانونی دستاویز کے بغیر مقیم ہیں جن کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز یکم نومبر سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے: اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے، کور گروپ بھی قائم

سرکاری اداروں کے مطابق صرف اسلام آباد میں 22 ہزار غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے غیرملکیوں کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال مزید سخت کرنے کی ہدایت کردی۔ اب تک اسلام آباد پولیس نے 11 سو غیرملکیوں کو ان کی رہائشوں پر جا کر چیک کیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے 458 غیرقانونی طور پر مقیم افغانیوں اور دیگر غیرملکیوں کو گرفتار کیا ہے۔ غیر ملکیوں کی شناخت اور ان کے قانونی دستاویزات کے ثبوتوں کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

مزیدخبریں