کینیڈا میں فلائٹ آپریشن روکنے کا معاملہ،ترجمان پی آئی اے کا موقف بھی آ گیا

Oct 04, 2023 | 14:40:PM

(24نیوز)پی آئی اے کی کینیڈا میں فلائٹ آپریشن روکنے کا معاملہ،واجبات کی وصولی کیلئے پی آئی اے کی پرواز کو کینیڈا میں روکا گیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق  گراؤنڈ ہنڈلنگ ،فیول کمپنی کی شکایت پر ٹورنٹو سے لاہور جانیوالی پرواز پی کے 790 کو روکا گیا،پرواز کی روانگی میں کئی گھنٹے تاخیر ،مسافروں کی بوڈنگ کا عمل بھی رک گیا تھا،گراؤنڈ ہینڈلنگ ،فیول کمپنی کے واجبات 2لاکھ ڈالر اداکر دیئے گئے۔
واجبات کی ادائیگی کے بعد پی آئی اے کی پرواز ریلیز کر دی گئی،پاکستان میں رات ہونے کی وجہ سے ادائیگی میں تاخیر ہوئی،اس معاملے میں پی آئی اے کی پرواز پی کے 790 چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی،پی آئی اے کا کینڈا کیلئے فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق ہے۔

سنگین مالی مسائل کا شکار پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کا کینیڈا کے لیے فضائی آپریشن لاکھوں ڈالرز کی عدم ادائیگی کے باعث بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، ذرائع کے مطابق لاکھوں ڈالرز کی عدم ادائیگی کے باعث پی آئی اے کی پروازوں کو گراؤنڈ ہینڈلنگ سروسز بند کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے سوئس پورٹ نامی کمپنی کی جانب سے گزشتہ روز پی آئی اے کو باقاعدہ ای میل بھی بھیجی جا چکی ہے۔

سوئس پورٹ کے نائب صدر کمرشل کی جانب سے پی آئی اے مینیجر پسنجر ہینڈلنگ سروسز کو جاری ای میل میں بتایا گیا کہ واجبات کی عدم ادائیگی پر 3 اکتوبر شام 5 بجے سے پی آئی اے کے لیے گراؤنڈ ہینڈلنگ کی سروسز بند کر دی گئی ہیں۔ 

 کمپنی کی جانب سے جاری ای میل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 2 لاکھ 48 ہزار ڈالرز کی فوری ادائیگی کی جائے اور  آئندہ سروسز کی فراہمی کے لیے ایک لاکھ ڈالرز ایڈوانس بھی ادا کیے جائیں۔

 مراسلے کے مطابق دونوں کمپنیوں کے مابین معاہدے کی متعلقہ شرائط کے تحت سروسز بند کی جا رہی ہیں۔

مزیدخبریں