سیمنٹ کی برآمد میں ریکارڈ اضافہ اور مقامی فروخت میں 18 فیصد کمی
ستمبر24 کے دوران ایکسپورٹ میں 71.50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررزایسوسی ایشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اشرف خان)رواں سال ماہِ ستمبرکے دوران سیمنٹ کی برآمد میں زبردست اضافہ ہوااور سیمنٹ کی ایکسپورٹ ساڑے اکہتر فیصد کے ریکارڈاضافے کے بعد 9 لاکھ 78 ہزار ٹن سے تجاوز کرگئی جبکہ ماہ ستمبرکے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررزایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر24 میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں 71.50 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو 9 لاکھ 78 ہزار 871 ٹن رہا۔
ستمبر 2023 میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ 5لاکھ 70ہزار 692ٹن رہی تھی تاہم سیمنٹ کی مجموعی فروخت ستمبر24 کے دوران 5.63فیصد کم رہی جو 35 لاکھ 40 ہزار ٹن بنتی ہےجبکہ ستمبر 23 میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 37.51 لاکھ ٹن تھی۔
اعدادوشمارکے مطابق ستمبر 2024کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 18فیصد کمی ہوئی جو 26.50 لاکھ ٹن رہی جبکہ ستمبر2023 میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 32.33 لاکھ ٹن رہی تھی
رواں مالی سال کے 3 ماہ میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 19.78 فیصد کمی سے 81.30 لاکھ ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے 3 ماہ کے دوران 1کروڑ 1 لاکھ 33 ہزار ٹن تھی۔
رواں مالی سال کے 3 ماہ کے دوران سیمنٹ کی ایکسپوٹ میں 22.19 فیصد اضافہ ہواجو بڑھ کر 21 لاکھ 40 ہزار ٹن رہی،گزشتہ مالی سال کے 3 ماہ میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ 17.51 لاکھ ٹن رہی تھی۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچرزکی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ مسلسل چوتھا مہینہ ہے جس میں سیمنٹ کی مقامی فروخت میں کمی واقع ہوئی جس کی وجہ سے سیمنٹ سیکٹر بحرانی کیفیت کا شکار ہے،تعمیراتی لاگت کم کرنے کے لئے ڈیوٹی اور ٹیکسز کو کم کرنے کی ضرورت ہے ۔