پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈا پور کی 2 مقدمات میں راہداری ضمانت منظور کرلی
عدالت نے درخواست گزار کو 25 اکتوبر تک متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی 2 مقدمات میں 25 اکتوبر تک راہداری ضمانت منظور کرلی، انہوں نے گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر راہداری ضمانت کیلئے درخواست دائر کی تھی۔
پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے لاہور جلسے اور راولپنڈی احتجاج کے بعد درج 2 مقدمات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل عالم خان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے راہداری ضمانت کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
اسے بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا احتجاج، اسلام آباد کی شاہراہیں, کنٹینرز رکھ دیئے گئے
وکیل نے مؤقف اپنایا کہ درخواست گزار کے خلاف اسلام آباد میں مقدمات درج کیے گئے ہیں، درخواست گزار متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتا ہے لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے، درخواست گزار کو راہداری ضمانت دی جائے تاکہ وہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو سکے۔
بعدازاں عدالت نے وزیراعلی خیبرپختوںخوا علی امین گنڈاپور کو 25 اکتوبر تک راہداری ضمانت دے دی اور درخواست گزار کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔