(اویس کیانی)ملائیشین وزیرِاعظم انورابراہیم تین روزہ دورہِ پاکستان مکمل کرکے ملائیشیاء روانہ ہوگئے،وزیراعظم محمد شہباز شریف،نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِ کامرس جام کمال خان علیانی نے ملائیشین وزیرِاعظم اوران کے وفد کونورخان ایئر بیس پر الوداع کیا۔
دورے کے دوران وزیرِاعظم ملائیشیاء کی وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی جہاں انہیں شاندار استقبال پیش کیا گیا۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اوروزیراعظم ملائیشیاء انور ابراہیم نے پاکستان ملائیشیاء بزنس فورم میں بھی شرکت کی،ملائیشیاء کے وزیراعظم کو صدر پاکستان کی جانب سے نشان پاکستان سے بھی نوازا گیاہے۔
وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان اورملائیشیاء کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں،ملائیشیاء کے وزیرِاعظم سے پاک ملائیشیاء تعلقات کی مزید مضبوطی پر اتفاق ہوا،ملائیشین وزیرِاعظم علامہ اقبال کے مداح ہیں جو پاکستان کیلئے فخر کی بات ہے،انور ابراہیم کے پاکستانی عوام اور حکومت کیلئے اچھے الفاظ اور نیک خواہشات کے اظہارپر تہہ دل سے مشکور ہیں،پاک ملائیشیاء بزنس فورم میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہاکہ پاکستان کی ملائیشیاء سے تجارت کے فروغ سے ملکی برآمدات میں اضافہ اورروزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے،وزیرِاعظم ملائیشیاء کا دورہءِ پاکستان پاک ملائیشیاء تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوا ہے،دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ ہوا،پاکستان سے ملائیشیاء کو پراسیسڈ گوشت اور چاول کی برآمدات میں اضافہ اور طریقۂ کار کو سہل بنایا جائے گا۔
وزیرِاعظم شہبازشریف نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون اور الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری و تجارت میں اضافے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔