ملائیشین وزیراعظم انورابراہیم سے حافظ نعیم الرحمٰن کی وفد کے ساتھ ملاقات
غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے اسلامی ملکوں کوکردار ادا کرنا چاہیے،ملاقات میں اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ملائیشین وزیراعظم انورابراہیم کی دعوت پرحافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے اسلام آباد میں ان سے تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات دوستانہ اور غیر رسمی ماحول میں ہوئی،وفد میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم اور ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی شامل تھے،45 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے اسلامی ملکوں کی قیادت کو فوری کردار ادا کرنا چاہیے،ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مزاحمت کے ایک سال مکمل ہونے پر سات اکتوبر کو عالمی سطح پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے ملائشین حکومت کی طرف سے فلسطینی زخمیوں کی دیکھ بھال کی کوششوں پر انور ابراہیم کو خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم انور ابراہیم نے حافظ نعیم الرحمن کو ملائشیا آنے کی دعوت بھی دی۔
امیرجماعت اسلامی نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملائشیا میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے خصوصی اقدامات کی درخواست کی ۔انورابراہیم نے زمانہ طالب علمی میں پاکستان کے اپنے دوروں میں اسلامی جمعیت طلبہ اور سید ابو الاعلٰی مودودی کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کی خوشگوار یادوں کو تازہ کیا۔