حکومت کا 7اکتوبر کوغزہ اور فلسطینیوں کیساتھ قومی سطح پر اظہار یکجہتی کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد کی وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی،ملاقات میں موجود سیاسی جماعتوں نے غزہ اور فلسطینیوں کے ساتھ قومی سطح پر اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا ۔
ملاقات میں غزہ اور فلسطین میں نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے اور فلسطینی بہن بھائیوں کے حق میں آواز اٹھانے کیلئے وزیر اعظم کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا،ملاقات میں 7 اکتوبر کو ملک بھر میں غزہ اور فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے شکار نہتے مسلمان بہن بھائیوں کیلئے یومِ یکجہتی منانے کا فیصلہ کیا گیا۔
یومِ یکجہتیِ فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کیلئے کمیٹی کے قیام کی منظوری دیدی گئی،کمیٹی میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، شیری رحمن، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری شامل ہونگے۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ 7 اکتوبر کو پاکستان بھر میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور ان پر جاری اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے اجتماعات و سیمینار منعقد کئے جائیں گے،آل پارٹیز کانفرنس میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف شرکت کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے فلسطین و غزہ میں جاری نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے حوالے سے یوم یکجہتی پر بھرپور حمایت کا اعلان کیا،ملاقات میں جماعت اسلامی کے غزہ اور فلسطین میں جاری نہتے مسلمان بہن بھائیوں کے حق میں یکجہتی کے مؤقف کی تعریف کی۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں احتجاج،علی امین گنڈا پور کی قیادت میں قافلہ کہاں تک پہنچ گیا ؟