ڈی جی آئی ایس آئی  کی قیادت میں فوجی وفد کابل پہنچ گیا

Sep 04, 2021 | 14:56:PM

( مانیٹرنگ ڈیسک)انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید طالبان حکومت کے انٹیلی جنس چیف ملانجیب سے ملاقات کریں گے۔ فوجی وفد کابل میں طالبان حکام سے ملاقاتیں کرے گا جبکہ پاکستان اور طالبان حکومت کے درمیان باہمی امور میں تعاون کے امور پر  گفتگو اوراس حوالے سے پیپر ورک بھی تیارکیا  جائے گا۔

جنرل فیض حمید کی کابل ایئرپورٹ پر تصویر بھی سامنے آئی جس میں انہوں نے ہاتھ میں چائے کا کپ پکڑا ہوا ہے۔  پاکستانی وفد طالبان کی افغان شوریٰ کی دعوت پر کابل کا دورہ کررہا ہے۔

   ڈی جی آئی ایس آئی پاکستانی سفیر سے ملاقات بھی کریں گے جس میں افغانستان سے انخلاء اور راہداری , پاک افغان سرحدی صورتحال ، مجموعی سلامتی کے مسئلے پر بات چیت کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ فساد پیدا کرنے والے اور دہشت گرد تنظیمیں صورتحال کا فائدہ نہ اٹھائیں۔

وفد کی غیر ملکی اور بین الاقوامی تنظیموں کے عملے کی پاکستان کے رستے وطن واپسی اور اس حوالے سے زیر التواء درخواستوں کے مسئلے پر بات چیت ہوگی۔ پاکستان کے رستے ٹرانزٹ کےلئے سہولتوں کی فراہمی کے لیے متعدد ممالک نے درخواست کی  ہے۔

 یہ بھی پڑھیں: موسم اپنے تیور بدلنے لگا۔۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی نوید سنا دی

مزیدخبریں