(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان میں طالبان کے قبضے کے بعد ہندوستانی فلم مارکیٹ کو بڑا دھچکا لگا ہے ۔ افغانستان 1990 کی دہائی کے دوران بالی ووڈ فلموں کا ایک بڑا صارف تھا۔ افغان شہریوں کا ایک طبقہ ہندی فلمیں دیکھنا پسند کرتا تھا اور جب بالی ووڈ کی مشہور شخصیات وہاں شوٹنگ کے لئے جاتی تھیں تو انہیں دیکھنے کے لیے ہجوم اکٹھا ہوجاتا تھا۔ لیکن اب وہاں حالات یکسر بدل گئے ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کےمطابق افغانستان کی سرزمین پہلے ایسی نہیں تھی جو آج تصویر نظر آرہی ہے۔ وہاں حالات بہت مختلف تھے اورفلموں کی شوٹنگ بھی ہوتی تھی۔ افغانستان کے ان حالات کی وجہ سے ہندوستانی فلم مارکیٹ کو بھی بڑا دھچکا لگا ہے۔بھارتی فلموں کو افغانستان میں بڑے شوق سے دیکھا جاتا تھا۔ فلموں کے گانوں کے حوالے سے بھی لوگوں میں بہت زیادہ جنون تھا۔ بھارت نے افغانستان میں بہت سی فلموں کی شوٹنگ کی جن میں 1975میں بنائی جانیوالی فلم ’دھرماتما‘ شامل ہے ،جس کا گانا’ کیا خوب لگتی ہو ،بڑی سندر دکھتی ہو‘ بڑا مشہور ہوا تھا۔ اس فلم میں فیروز خان ، ریکھا ، ہیما مالنی جیسے ستارے تھے۔ فلم کی شوٹنگ افغانستان کے’ `بامیان بدھا‘ میں کی گئی تھی لیکن بعد میں اس جگہ کو طالبان نے امریکہ کو سبق سکھانے کے لئے تباہ کر دیاتھا۔ 1996 میں بنائی گئی بلاک بسٹر فلم ’خدا گواہ ‘میں امیتابھ بچن ، سری دیوی اورڈینی سے جیسے اداکاروں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔فلم کی زیادہ تر شوٹنگ کابل میں ہوئی۔ اس وقت وہاں کا ماحول کشیدہ تھا لیکن فلم کی شوٹنگ کے دوران اس وقت کے صدر محمد نجیب اللہ نے ملک کی آدھی فضائیہ کو امیتابھ بچن کے تحفظ پر مامور کردیاتھا ۔ اس کے ساتھ بگ بی کو وہاں شاہی اعزاز بھی دیا گیاتھا ۔2003 میں اداکار فردین خان اور اداکارہ سیلینا جیٹلی کی فلم ’جا نشین ‘کی بیس فیصد شوٹنگ افغانستان میں ہوئی تھی۔فلم کی شوٹنگ کے دوران افغانستان میں جنگ کا ماحول تھالیکن اس کے باوجود فلم کے ڈائریکٹر فیروز خان نے شوٹنگ کی۔2002 میں اداکار جان ابراہم اور ارشد وارثی فلم ’ `کابل ایکسپریس ‘ میں بھارتی صحافیوں کے کردار میں نظر آئے تھے۔ فلم کے ڈائریکٹر کبیر خان نے بتایا تھا کہ اس فلم کی شوٹنگ کے دوران طالبان نے دھمکی دی تھی کہ وہ فلم کی پوری ٹیم کو بم سے اڑا دیں گے ۔ یہ پوری فلم افغانستان پر مبنی تھی۔ فلم کے افغان اداکار حنیف کو بھی طالبان نے اغوا کر لیا تھا۔ شوٹنگ کے دوران افغان حکومت نے سیکوریٹی کے تمام سخت انتظامات کئے تھے۔2016 میں اداکار سیف علی خان اور اداکارہ کرینہ کپور کی فلم ’ایجنٹ ونود‘کے کچھ حصے افغانستان کے ریگستان میں فلمائے گئے تھے۔2020 میں ریلیز ہونےو الی فلم ’تورباز‘ مہاجر کیمپ میں رہنے والے ان بچوں پر مبنی تھی جو خودکش حملہ آور بن جاتے ہیں۔ اس میں سنجے دت اور نرگس فخری نے مرکزی کردار ادا کئے تھے۔ پوری فلم کی شوٹنگ افغانستان میں کی گئی تھی ۔
یہ بھی پڑھیں: جیکی شروف کا سلمان خان سے متعلق ایسا انکشاف کہ سننے والے دنگ رہ گئے