(ویب ڈیسک) ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کے خلاف میچ سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کا ایک اور فاسٹ بولر بیمار پڑ گیا۔ آویش خان کی اہم میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشیاء کپ ٹی 20 میں بھارتی کرکٹ ٹیم کا حصہ فاسٹ بولر آویش خان بخار اور فلو کا شکار ہوگئے، جس کے بعد سے وہ دو دن سے اپنے ہوٹل کے کمرے میں ہی مقیم ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آویش خان کی پاکستان کے خلاف ایشیاء کپ ٹی 20 سپر فور مرحلے کے میچ میں شرکت مشکوک ہے۔
میڈیا رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ آویش خان کی طبیعت بہتر نہیں لگ رہی جبکہ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم انہیں مسلسل مانیٹر کر رہی ہے۔
بھارتی آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا بھی انجری کے سبب ایشیاء کپ سے باہر ہوچکے ہیں جبکہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گے۔ اس سے قبل گروپ میچ میں آویش خان نے پاکستان کیخلاف 19 رنز دے کر ایک وکٹ لی، انہوں نے فخر زمان کو آؤٹ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: ہماری ٹیم بھارت کو شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے: شاہد آفریدی