ایشیاء کپ: پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر حساب برابر کردیا

Sep 04, 2022 | 22:56:PM

(24نیوز) پاکستان نےایشیا کپ کے میچ میں بھارت کو شکست دیکر حساب برابر کر دیا۔
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں دلچسپ مقابلہ ہوا، دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان نے بھارت کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی،پاکستان نے بھارت کا 182 رنز کا ہدف محمد رضوان اور محمد نواز کی شاندار اننگز کی بدولت ایک گیند پہلے پورا کرلیا۔

کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے ، ویرات کوہلی60 رنز بناکر نمایاں رہے۔پاکستان کے خلاف بھارت کا آغاز کافی اچھا رہا، صرف 5 اوورز کے اندر بغیر کسی نقصان کے 50 رنز مکمل کیے ۔بھارت کی پہلی وکٹ 54 کے مجموعی اسکور پر گری، روہت شرما 16 گیندوں پر 28 رنز پر اوٹ ہوئے۔بھارت کو دوسرا نقصان کے ایل راہول کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ بھی 28 رنز بناسکے۔
اس کے علاوہ سوریا کمار یادیو 13، رشبھ پنٹ 14 اور ہاردک پانڈیا صفر پر اوٹ ہوگئے، جہاں بھارت کی وکٹیں گر رہی تھیں وہیں دوسری جانب ویرات کوہلی میدان کے چاروں اطراف دل کش شاٹس کھیل رہے تھے۔کوہلی نے 44 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 2، محمد نواز، حارث روف اور محمد حسنین نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 71 اور محمد نواز نے 20 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان بابر اعظم 14 اور فخرزمان 15 اور محمد نواز 20 گیندوں پر 42 رنز بناکر اوٹ ہوگئے ۔سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ دونوں حریف ٹیمیں گزشتہ اتوار کو بھی آمنے سامنے آئی تھیں جہاں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز کا ایک چھوٹا ہدف دیا تھا تاہم فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے پہلے ہی اوور میں میچ دلچسپ بنادیا تھا۔ نسیم شاہ نے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کو بھی پریشان کیے رکھا اور سلپ پوزیشن پر انہیں ایک کیچ کا موقع بھی ملا تاہم فخر زمان گیند کو اپنی گرفت میں لینے میں ناکام رہے۔بھارت نے گروپ میچ میں پاکستان کو آخری اوور کی چوتھی گیند پر 148 رنز بنا کر 5 وکٹوں شکست دی تھی۔اب کرکٹ شائقین کو ایک مرتبہ پھر روایتی حریف ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں:شاہنواز دھانی کی جگہ محمد حسنین قومی ٹیم میں شامل

مزیدخبریں