ادارے سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے انتخابی عمل آگے بڑھائیں ;امریکا

Sep 04, 2023 | 12:36:PM

(ویب ڈیسک )امریکی سفیر برائے جنوبی و وسطی ایشیائی امور الزبتھ ہورسٹ نے کہا پاکستانی اداروں کو سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے انتخابی عمل آگے بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ہم بہت شدت سے محسوس کرتے ہیں کہ پاکستان کی مستقبل کی قیادت کا فیصلہ پاکستانی عوام کو کرنا ہے، پاکستانی عوام انتخابات کے حقدار ہیں، پاکستانی اداروں کو سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے اس عمل کو آگے بڑھانے کرنے کی ضرورت ہے۔

الزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ ہم انتخابی عمل کو اس طرح سے آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں جو آزادی اظہار، اسمبلی اور ایسوسی ایشن کے احترام کے ساتھ وسیع پیمانے پر شرکت کی سہولت فراہم کرے۔

ان سے سوال کیا گیا کہ کیا امریکا انتخابات کے انعقاد کے مطالبے کی حمایت کرے گا؟ جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ انتخابی عمل کی نگرانی اور انتظام پاکستانی ادارے کر رہے ہیں، ہماری دلچسپی جمہوری عمل میں ہے۔ ہم ایسے انتخابات دیکھنا چاہتے ہیں جو آزادانہ اور منصفانہ ہوں اور پاکستان کے قوانین اور آئین کے مطابق ہوں۔

ضرورپڑھیں:الیکشن کب ہوں گے؟ حکومت تاخیر کیوں کررہی ہے؟ اہم انکشاف

انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے اقدامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے امریکی امداد میں انسانی حقوق کے احترام کو خصوصی ترجیح دی جاتی ہے، نہ صرف ہمارے ترقیاتی امدادی پروگراموں میں بلکہ سیکیورٹی اور قانون کے نفاذ میں بھی ہمارے تعاون میں اسے ترجیح دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سینئر حکام پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ انسانی حقوق کے مسائل کو معمول کے مطابق اٹھاتے ہیں، اس میں سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن، قائم مقام ڈپٹی سیکریٹری وکٹوریہ نولینڈ، اسسٹنٹ سیکریٹری لو اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ بلوم نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سمیت دیگر نگران حکومتی عہدیداروں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں اور بات چیت کے دوران اس مسئلے کو اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو دھمکیاں اور ہراساں کرنے سمیت آزادی اظہار رائے اور آزاد صحافت پر پابندیوں کے بارے میں اپنے تحفظات پاکستانی حکام کے سامنے اٹھاتا رہا ہے اور اٹھاتا رہے گا، مسلح افواج پر تنقید کی سنسر شپ اور لائسنس معطل کرکے آزاد میڈیا کو خاموش کرنے کے لیے مقامی قانون اور ضابطے کے استعمال جیسے مسائل پر بھی امریکی حکام اپنے پاکستانی ہم منصبوں سے بات کرتے رہتے ہیں، ہم یہ خدشات حکومتِ پاکستان کے سامنے اٹھا چکے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے، آزاد، خود مختار میڈیا ہر جمہوری معاشرے کا کلیدی ستون ہوتا ہے۔

امریکا کی جانب سے عمران خان کا تختہ الٹ کر انہیں اقتدار سے باہر رکھنے کے تاثر سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مستقبل کی قیادت کا فیصلہ پاکستانی عوام کو کرنا ہے، انتخابی عمل کی قیادت اور فیصلہ پاکستان کے ادارے سیاسی جماعتوں کے ساتھ قریبی مشاورت سے کرتے ہیں، ہماری دلچسپی جمہوری عمل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کو یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ پاکستانی میڈیا غلط بیانیوں کی رپورٹنگ جاری رکھے ہوئے ہے جو کہ صریحاً غلط ہیں، انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم کسی ایک امیدوار یا پارٹی کی حمایت نہیں کرتے، پاکستان کے عوام جس کو بھی منتخب کریں گے، ہم پاک-امریکا شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن لاہور کا ہر صوبائی حلقے میں ورکرز کنونشن کرانے کا فیصلہ

پاکستان میں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پاکستانی نژاد امریکیوں کی گرفتاری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک امریکی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہر اس کام کا مرکز ہے جو ہم (پاکستان سمیت کہیں بھی) بطور سفارت کار کرتے ہیں، امریکی شہری کو بیرون ملک حراست میں لیا جاتا ہے، تو امریکی قونصلر افسران تمام مناسب مدد فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکےکہ زیرِحراست امریکی شہریوں کے ساتھ منصفانہ رویہ اور مقامی قانون اور متعلقہ بین الاقوامی قانون کے مطابق سلوک کیا جائے۔

مزیدخبریں