(ویب ڈیسک )پاکستان میں مہنگائی سے پریشانی نے اب شوبز انڈسٹری کا بھی رخ کرلیا، اداکار،ٹی وی میزبان اور یوٹیوبرز ،ماڈلز بھی مہنگائی کا رونا رونے لگے ۔
نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شئیر کی ہے جس میں ندا یاسر، فضا علی، سعدیہ امام اور نادیہ خان خود اپنے بجلی کے بھاری بلوں کی تفصیلات بتارہی ہیں،جس میں سعدیہ امام نے بتایا کہ چند ماہ قبل ان کے گھر کا بجلی کا بل 67 ہزار روپے آیا تھا جس کے بعد انہوں نے سولر سسٹم لگوا لیا، سولر لگوانے کے بعد جو پہلا بل آیا وہ 19 ہزار روپے تھا اور 5 ہزار روپے ٹیکس لگنے کے بعد بجلی کا بِل 26 ہزار روپے ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ ان کے گھر میں بیک وقت 2 اے سی لازمی چل رہے ہوتے ہیں۔
مارننگ شو ہوسٹ ندا یاسر نے کہا کہ اگست میں ان کی فیملی آدھے مہینے گھر میں تھی ہی نہیں پھر بھی بجلی کا بل ایک لاکھ روپے آیا، انہوں نے بتایا کہ وہ گھر میں دن کے اوقات میں اے سی استعمال نہیں کرتیں، رات کو پوری فیملی ایک کمرے میں سوتی ہے اور صرف ایک اے سی استعمال ہوتا ہے،ندا کے مطابق وہ بھی گھر میں سولر سسٹم لگوانے کا سوچ رہی ہیں لیکن سولر بہت زیادہ مہنگا ہوگیا ہے، جو پہلے آٹھ لاکھ کا تھا، پھر 15 کا ہوا، اب سنا ہے 22 یا 25 لاکھ کا ہوگیا ہے۔
ماڈل و اداکارہ فضا علی نے بتایا کہ اے سی نہ چلانے کے باوجود ان کے گھر کا بجلی کا بل 67 ہزارروپے آیا تھا۔
میزبان نادیہ خان نے اپنے گھر کے بجلی کے بل سے متعلق بتایا کہ گزشتہ ماہ وہ 3 ہفتے پاکستان میں نہیں تھیں اس کے باوجود ان کے بجلی کا بِل 75 ہزار روپے آیا ہے،انہوں نے کہا کہ پچھلے مہینے گھر میں نہ ہونے کے باوجود اتنا زیادہ بل آیا ہے تو میرے خیال میں اس ماہ شاید ڈیڑھ کروڑ بِل آئے گا۔