چیئرمین پی ٹی آئی کی 7مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج ہونے کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

Sep 04, 2023 | 20:29:PM

(24 نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 7مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج ہونے کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا،جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ بیرسٹر سلمان صفدر اتنے اہم کیس میں کیوں پیش نہیں ہوئے ؟
لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جناح ہاﺅس حملہ کیس سمیت 7 مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج ہونے کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی،اپیلوں میں انسداددہشت گردی عدالت کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کے آرڈرز کو خارج کرنے کے خلاف حکم امتناعی دینے کی درخواست کی گئی ،چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے انسداد دہشتگردی عدالت کے ضمانت منسوخی کے فیصلے کوچیلنج کیا گیا ہے، درخواستوں میں سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔
 درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ے کہ درخواست گزار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے،درخواست گزار کو پانچ اگست کو توشہ خانہ کے کیس میں حقائق کے برعکس سزا ہوئی ،سزا کے فوری بعد پولیس نے درخواست گزار کو گرفتار کرلیا ، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ضمانتوں کو میرٹ کی بنیاد پر سننے کا حکم دے ۔
جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل بینچ نے سماعت کی،عدالت میں درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کا جونیئر وکیل پیش ہوا،پراسیکیوشن کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل رائے اختر بھی عدالت میں موجود تھے۔
جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ بیرسٹر سلمان صفدر اتنے اہم کیس میں کیوں پیش نہیں ہوئے ؟جونیئر وکیل نے کہاکہ وہ اسلام آباد کے سپیشل کورٹ میں کسی کیس میں مصروف ہیں ، جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ انہیں سپیشل کورٹ کو ترجیح دینی چاہئے تھی یا ہائی کورٹ کو ؟جونیئر وکیل نے کہاکہ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہی مصروف ہیں،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا،عدالت نے درخواستوں کو فیصلہ لکھوانے کیلئے رکھ لیا۔
یاد رہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9مئی کے مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتوں کو خارج کیا تھا،دو رکنی بنچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے سینئروکیل کے پیش نہ ہونے پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

یہ بھی پڑھیں: معروف عالم دین اور امام مسجد کا قتل، کل عام ہڑتال کا اعلان

مزیدخبریں