(ویب ڈیسک) گیلپ کی جانب سے ملک بھر میں ایک انوکھے سروے کا انعقاد کیا گیا ،تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے حامیوں کے درمیان ان دنوں شادی ہونا مشکل قرار دے دیا گیا, پاکستانی شہریوں میں سے 44 فیصد نےیہ خیال ظاہر کیا ہے کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے حامیوں کے درمیان ان دنوں شادی ہونا مشکل ہے۔
گیلپ پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں ایک سروے کا انعقاد ہوا جس میں 700 سے زائد افراد نے حصہ لیا، ان افراد سے سوال کیا گیا کہ مخالف سیاسی نظریہ رکھنے والوں مثال کے طور پر ن لیگ اور پی ٹی آئی کی حمایت کرنے والوں کے درمیان شادی ہوسکتی ہے؟
سوال کے جواب میں 44 فیصد پاکستانیوں کی جانب سے پی ٹی آئی، ن لیگ اور دیگر مخالف سیاسی نظریات رکھنے والے خاندانوں اور ووٹرز کے درمیان رشتوں کو مشکل قرار دےدیاگیا، سروے کے مطابق 40 فیصد ایسے افراد تھے جنہوں نے اختلاف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی شادی کا ہونا مشکل نہیں ہوگا جبکہ 16 فیصد افراد کی جانب سے اس سوال پر کوئی بھی رائے دینے سے گریز کیا گیا۔
واضح رہے کہ گیلپ کے اس سروے میں سیاسی اختلافات کی بنیاد پر رشتوں میں مشکلات کا تاثر خواتین، دیہی آبادی اور 30 سال تک کے نوجوانوں میں زیادہ دکھائی دیا، خواتین میں 48 فیصد جبکہ 40 فیصد مردوں کی جانب سےمختلف سیاسی جماعتوں کے حمایتیوں کے درمیان رشتوں کو مشکل کہاگیا، اسی طرح دیہی آبادی میں شادی کو مشکل کہنے والوں کی شرح 49 فیصد جبکہ شہروں میں 35 فیصد نظر آئی۔