(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ وسیاستدان کنگنا رناوت کواپنی نئی آنےوالی فلم"ایمرجنسی" کی ریلیز کے لیے ممبئی ہائیکورٹ سے بھی ریلیف نہیں مل سکا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنارناوت کی فلم "ایمرجنسی" 6 ستمبرکوریلیزہوناتھی لیکن تاحال اداکارہ کو فلم کی ریلیز کا سرٹیفیکیٹ نہیں مل سکا،اس سلسلے میں اداکارہ نے ممبئی ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے فلم کی ریلیز اور سنسر بورڈ سے سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
آج ممبئی ہائیکورٹ میں فلم کے سنسرسرٹیفیکیٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی لیکن ہائیکورٹ سے بھی کنگنا رناوت کی فلم کو ریلیف نہ مل سکا۔
جسٹس برجیس کولابالا اورجسٹس فردوس پونی والا کے بنچ نے سماعت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کوفلم "ایمرجنسی" کا سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کی ہدایت نہیں دے سکتے کیونکہ یہ مدھیہ پردیش ہائیکورٹ کے حکم سے متصادم ہوگا۔
ممبئی ہائیکورٹ نے دورانِ سماعت سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن کے ممبران کی بھی کلاس لگائی اورسماعت 19 ستمبرتک ملتوی کردی۔
اس سے قبل جیل پورہائیکورٹ نے کنگنا رناوت کی فلم "ایمرجنسی" کی ریلیز پرپابندی لگادی تھی جس کی وجہ سے فلم 6 ستمبر کو ریلیز نہیں ہوسکے گی۔
واضح رہے کہ کنگنارناوت نے اس فلم میں سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردارنبھایا ہے۔