گرینڈ اپوزیشن الائنس کا ملک گیر احتجاج کا عندیہ
اختر مینگل جیسے مدبر شخص نے مایوس ہو کر استعفیٰ دیا جو باعث تشویش ہے: اسد قیصر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(طیب سیف) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ حکومت اس قوم اور ملک پر رحم کرے، بلوچستان کے ایشو پر سنجیدگی سے کاوش کرنا ہو گی، ہم (گرینڈ اپوزیشن الائنس) پورے ملک میں نکلیں گے اور جلسے کریں گے، ہم دن کا تعین کر رہے ہیں جس دن ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔
گرینڈ اپوزیشن الائنس کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اسد قیصر نے کہا کہ بلوچستان میں جو صورتحال ہے اس پر گرینڈ الائنس نے تشویش کا اظہار کیا ہے، ہم سپیکر قومی اسمبلی سے بات کریں گے کہ بلوچستان کے حوالے سے خصوصی اجلاس بلایا جائے، ہم نے ایک سپیشل کمیٹی بنائی ہے جو بلوچستان کے حوالے سے اے پی سی بلانے پر کام کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ہمارے ناراض بلوچ بھائیوں کو اس اجلاس میں بھی بلایا جائے گا، یہ حکومت بلوچستان کے ایشو کو غیر سنجیدگی سے لے رہی ہے، اختر مینگل جیسے مدبر شخص نے مایوس ہو کر استعفیٰ دیا جو باعث تشویش ہے، حکومت اس قوم اور ملک پر رحم کرے، بلوچستان کے ایشو پر سنجیدگی سے کاوش کرنا ہو گی، خصوصی کمیٹی کی صدارت محمود خان اچکزئی کریں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہم پورے ملک میں نکلیں گے اور جلسے کریں گے، ملک کی ہر بار کونسل میں پہنچیں گے، ہم دن کا تعین کر رہے ہیں جس دن ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کا چیف جسٹس کے نام خط، متن بھی سامنے آ گیا
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کی پیدوار حکومت نے ملک بھر میں فسطائیت پھیلا رکھی ہے، یہ لوگ آئین میں ترامیم کی باتیں کرتے ہیں حالانکہ یہ ایسا نہیں کر سکتے ہیں، مبارک ثانی کے مقدمہ میں چیف جسٹس نے 3، 3 فیصلے کیے ہیں، یہ غلط فیصلے کرتے ہیں بعد میں دباؤ سے بدل لیتے ہیں، ہمیں عدلیہ کے فیصلے کی وجہ سے 22 اگست کا جلسہ ملتوی کرنا پڑا، 8 ستمبر کو جلسہ ہو گا اور قوم دیکھے گی کہ یہ جلسہ کتنا کامیاب ہوتا ہے۔