پی ڈی ایم 2دھڑوں میں تقسیم،ن لیگ کاالگ اپوزیشن بینچ الاٹ کرنےکامطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) سینیٹ اجلاس سے قبل حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ دو حصوں میں تقسیم ہوگئی ۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپوزیشن کے علیحدہ علیحدہ اجلاس بلائے۔لیگی سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے الگ اپوزیشن بینچ کا مطالبہ کردیا۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی صدارت میں آزاد اپوزیشن کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں ن لیگ کے علاوہ جے یو آئی، پی کے میپ، نیشنل پارٹی اور بی این پی مینگل کے سینیٹرز بھی شریک ہوئے۔سینیٹ میں آزاد اپوزیشن کے اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی شرکت کی جبکہ مشاہد حسین سید، مولانا عبدالغفورحیدری، طاہر بزنجو بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ مصدق ملک، کامران مرتضیٰ، مولاناعطاالرحمان سمیت دیگر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سینیٹ اجلاس کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ آزاد اپوزیشن آج سینیٹ چیئرمین کو اپنی علیحدہ حیثیت کی باقاعدہ درخواست دے گی۔دوسری جانب پارلیمنٹ ہاؤس کے اپوزیشن چیمبر میں یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت بھی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پیپلز پارٹی کی حمایتی جماعتوں کے سینیٹرز نے شرکت کی۔
سینیٹ اجلاس کے دوران لیگی سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پانچ جماعتوں کے27 سینیٹرز نے الگ اپوزیشن گروپ بنایا ہے ہمیں الگ اپوزیشن بینچ الاٹ کئے جائیں، اپوزیشن مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے گی، ہم 5 جماعتیں آزاد گروپ کی حیثیت سے اپوزیشن نشستوں پر بیٹھیں گے۔