(24نیوز)پشاور میں آئس منشیات کی خاتون اسمگلر کوگرفتار کر لیا گیا، ملزمہ کے قبضے سے ساڑھے پانچ کلو گرام سے زائد اعلی کوالٹی کی آئس (منشیات)برآمد کر لی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے بین الصوبائی اسمگلر گروہ کا سراغ لگا لیا، تھانہ بڈھ بیر پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے آئس فروخت کرنے والے گروہ کی خاتون رکن کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمہ کے قبضے سے ساڑھے پانچ کلو گرام سے زائد اعلی کوالٹی کی آئس (منشیات) برآمد ہوئی جسے راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر شہروں میں سپلائی کیا جانا تھا۔
پولیس کے مطابق برآمد کی گئی منشیات کی مالیت کروڑوں روپے ہے، دوران تفتیش ملزمہ نے اپنے پورے نیٹ ورک کی نشان دہی کردی ہے جن کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ دریں اثنا ائیر پورٹ سیکیورٹی فورس نے باچا خان انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق یہ منشیات نجی ائرلائن کی پرواز GF-785 سے بحرین جانے والے مسافر کے پاس سے برآمد ہوئی۔ملزم نے 931 گرام ہیروئن کو اپنے بیگ کے خفیہ خانوں میں چھپایا ہوا تھا۔ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔