حکومت نے رکشہ، موٹرسائیکل سواروں کی جیب خالی کرنیکا نیا طریقہ ایجاد کرلیا

Apr 05, 2021 | 19:39:PM

(24 نیوز)پنجاب حکومت نے اپنے زرائع آمدن بڑھانے کے لئے نجی ٹرانسپورٹر پر عائد روڈ ٹیکس میں دگنا اضافہ کردیا ہے۔ نجی ٹرانسپورٹ پر سڑکوں پر آنے کے لئے اب نیا ٹیکس کیا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے روڈ پر آنے والی نجی ٹرانسپورٹ پر روٹ پرمٹ ٹیکس بڑھانے کے لئے سمری ارسال کی تھی، جس پر پنجاب حکومت نے با قاعدہ منظوری دے دی ہے۔ موٹر سائیکل رکشہ کو سڑک پہ آنا ہے تو اب پر ایک سال کے روٹ پرمٹ کی فیس 600 روپے ادا کرنا ہوگی، جو اس سے پہلے سالانہ 350 روپے تھی۔ موٹر کیب رکشہ پر سالانہ 200 روپے کی بجائے اب ایک سال کے روٹ پر مٹ کی فیس 600 روپے ہوگی۔
ٹیکسی کیب کو سڑک پر چلنے کے لئے اب سالانہ 600 روپے کی بجائے 850 روپے میں دینا ہوں گے۔ اے کلاس بسوں پر روڈ پہ آنے کا سالانہ ٹیکس اب 950 روپے سے بڑھا کر 1400 روپے مقرر کیا گیا ہے اور بی کلاس بسوں کے روٹ پرمٹ کی فیس 700 روپے سے گیارہ سو روپے تک بڑھا دی گئی ہے۔
اسی طرح ایم کلاس روٹ والی بسوں کو روٹ پرمٹ سالانہ 2 ہزار روپے میں ملے گا۔ گڈز ٹرانسپورٹ کے لئے اب سڑک کا ٹیکس سالانہ 400 روپے نہیں بلکہ 2 ہزار 550 روپے ہوگا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کا دعویٰ ہے کہ روٹ پرمٹ میں ترمیم کے بعد سالانہ کروڑوں روپے کا ٹیکس قومی خزانے میں جمع کرایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ترکی: حکومت پر تنقید کرنیوالے10 ریٹائرڈ ایڈمرلز گرفتار

مزیدخبریں