(24 نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے پی ڈی ایم کی جانب سے پیپلزپارٹی کو دیئے گئے شوکاز نوٹس پر کہنا ہے کہ ہم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں تاہم ایک بلاول بھٹو اکیلے بھی عمران نیازی کے لئے کافی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال خود وزیراعظم بننے کے لئے پی ڈی ایم کو نقصان پہنچارہے ہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ پنجاب میں مک مکا کرکے ن لیگ کی جانب سے جے یو آئی کے پی ٹی آئی کے ساتھ سندھ میں اتحاد پر کب شوکاز نوٹس جاری ہوگا؟ پی ٹی آئی کے 11 سینیٹرز منتخب کروانے کے معاملے پر کب شوکاز نوٹس جاری ہوگا؟ ن لیگ نے اچانک لانگ مارچ سے استعفوں کو جوڑ کر پی ٹی آئی حکومت کو بچانے کی ناکام کوشش کی، اس پر شو کاز جاری ہوگا؟ بلاول بھٹو پنجاب حکومت گراتے ہوئے لانگ مارچ کے لئے نکلتے تو عمران نیازی اسلام آباد سے بھاگ جاتے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے لانگ مارچ کو ناکام بنا کر اسٹبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کی مدد کی ہے، اس پر کب ایکشن ہوگا؟ مسلم لیگ ن وزیراعلی پنجاب کو اس لئے نہیں ہٹانا چاہتی تاکہ اگلے انتخابات میں عثمان بزدار کی نااہلی کو جواز بناسکے۔ مسلم لیگ ن کو اگر عوام کی فکر ہوتی تو آج پنجاب حکومت گرادیتی مگر انہیں صرف اپنے اقتدار کی فکر ہے۔
پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام سیاسی کامیابیاں بلاول بھٹو کے وژن کا نتیجہ ہیں، ہم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں تاہم ایک بلاول بھٹو اکیلے بھی عمران نیازی کے لئے کافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صبا قمر نے مختصر لباس میں 37ویں سالگرہ منائی ،تصاویر شیئر