(ویب ڈیسک)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے مفت آٹا تقسیم کے دوران جاں بحق ہونے والوں کیلئے فی کس 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیرا علیٰ محسن نقوی نے الائیڈ ہسپتال کی صفائی کے ناقض انتظامات اور طبی سہولتوں کے فقدان کی شکایات پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ایم ایس الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ڈاکٹر ارشد علی چیمہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ،ڈاکٹر ارشد علی چیمہ کو محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا اور ڈاکٹر ارشد علی چیمہ کو ایم ایس الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
دوسری جانب محسن نقوی نے فیصل آباد کے مختلف آٹا سنٹر کے دورے کئے اور سرگودھا روڈ پر حاجی کیمپ میں قائم آٹا پوائنٹ کا معائنہ کیا جس کے بعد ہاکی اور اقبال سٹیڈیم میں قائم فری آٹا پوائنٹس کا بھی دورہ کیا،انہوں نے فری آٹا پوائنٹس پر شہریوں کو ملنے والی سہولیات کا جائزہ لیا جبکہ شہریوں سے انتظامات بارے دریافت بھی کیا۔ شہریوں نے بائیو میٹرک تصدیق میں درپیش مسائل کے حوالے سے شکایات کی ۔ محسن نقوی نے شکایات کے فوری حل کے لیے انتظامیہ کو احکامات جاری کیے ۔کمشنر سلوت سعید اور ڈی سی علی عنان قمر نے آٹے کی تقسیم کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب کو بریفننگ بھی دی ،اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ " آٹا پوائنٹس پر شہریوں کی آسانی کیلئے اچھے انتظامات کیے گئے ہیں،پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کریں گے"۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی الائیڈ ہسپتال میں مریضوں کو ملنے والی سہولیات اور علاج معالجے کا جائزہ لینے کے لیے پہنچے جہاں انہوں نے ایمرجنسی میں انتظامات چیک کیے جبکہ ایک مریض کی شکایت پر میڈیکل وارڈ میں گئے اور مریضوں سے ہسپتال میں ملنے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا جبکہ شکایات کے ازالے کے لیے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو ہدایات جاری کیں اور ایمرجنسی سہولیات کی بہتری کے لیے اجلاس کی صدارت کی جس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم،نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی موجود تھے۔وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر چوہدری نے انتظامات کے حوالے سے بریفننگ دی۔
میڈیا سے گفتگو میں نگران وزیر اعلی پنجاب نے کہا الائیڈ ہسپتال میں سرجیکل ٹاور اور فری ڈسپنسری کے منصوبے پر جلد کام شروع ہو گا جبکہ دل کے مریضوں کے لیے انجیو گرافی بھی شروع ہو گی،نگران وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا ڈی ایچ کیو ہسپتال فیصل آباد کا نام بھی تبدیل کیا جائے گا جبکہ مفت آٹے کے حصول کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے ورثا کو 10لاکھ روپے دئیے جائیں گے ۔