(24 نیوز) مصدق ملک نے کہا ہے کہ غریب اور امیر کا ٹیرف الگ کر دیا، امیر کو گیس کی قیمت پر زیادہ پیسے دینا ہونگے، پیڑول کے حوالے سے بھی یہی کوشش کر رہے ہیں، روس کے ساتھ اس مہینے سے معاہد ہوجائے گا۔
وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی وجہ سے روزے داروں کی تکلیف کو دور کیا جائے گا، پاکستان میں گیس جو پروڈیوس ہو رہی وہی دی جاسکتی ہے، جتنی گیس ہوتی ہے وہ بانٹ دیتے ہیں، سب سے پہلے غریب کا خیال رکھنا ہے، وزیراعظم نے کہا غریب کے حق میں مشکل فیصلہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں 80 فیصد لوگ غریب ہیں، وزیراعظم نے کہا غریب کا پہلا حق ہونا چاہیے، وزیراعظم کہتے ہیں لیڈرشپ کے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کریں، زیادہ گیس ڈومیسٹک سیکٹر کو دی جا رہی ہے، انڈسٹری ہمارے لیے بہت اہم ہے، غریب کا روزگار انڈسٹری سے جڑا ہے۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ آج رات کو ایس ایس جی سی سے میٹنگ ہوگی، درمیان کا راستہ نکالیں گے تاکہ انڈسٹری اور غریب کا چولہا جلے، جتنی گیس کی ضرورت ہے اتنی پیدوار نہیں ہے، پیدوار نہیں ہے تو گیس کم ملے گی، امپورٹڈ گیس کی قیمت بھی زیادہ ہے، ملک میں 16 سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان سردیوں میں ڈیفیسٹ ہوجاتا ہے، ہم نے گیس کے دو مختلف ٹیرف کر دیے ہیں، غریب اور امیر کا ٹیرف الگ کردیا ہے، سندھ کی لیڈرشپ سے بھی گیس بندش پر بات چیت ہوگی، سندھ کے لوگوں کو صحر و افطار میں گیس ملے گی۔
قبل ازیں کراچی میں گیس بحران کے سلسلے میں وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک کراچی چیمبر پہنچے۔ اس موقع پر بزنس مین گروپ نائب چئیرمین جاوید بولانی کا کہنا تھا کہ کراچی میں صنعتوں کو کم گیس پریشر کی شکایات بڑھ رہی ہیں، گیس نہ ملنے سے صنعتی پیداوار متاثر ہو رہی ہے، حکومت کے مجموعی محصولات میں کراچی کا حصہ 60 فیصد ہے، کراچی کو گیس فراہم نہ کرکے ناانصافی کی جارہی ہے، حکومت کا یہ طرز عمل سمجھ سے باہر ہے۔