کشمیریوں کی آزادی تک ساتھ کھڑے ہیں:شاہ محمود

Aug 05, 2021 | 12:07:PM

 (24 نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پوری دنیا نے بھارت کے 5 اگست کے اقدام کو مسترد کیا ، کشمیریوں کی آزادی تک ساتھ کھڑے ہیں، اقوام متحدہ، سکیورٹی کونسل لاکھوں کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے وعدے پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ ہم کشمیروں کی لازوال اور عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری مودی کے غیر قانونی اقدام کی مذمت کر رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کی قیادت نے بھارتی حکومت کے اقدامات کو مسترد کر دیا، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ یوم استقلال 5 اگست پر پیغام دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیرقانونی اور یک طرفہ اقدامات کو چوبیس ماہ ہوگئے ہیں۔ منصفانہ جدوجہد میں ان کے ناقابل شکست آہنی عزم وہمت اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل قراردادوں اور عالمی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے کشمیری عوام کی منفرد شناخت ختم کرنے کی کوشش کی۔ بھارتی جبرواستبداد بلاروک ٹوک جاری ہے ،بے گناہ کشمیریوں کی ماورائے عدالت شہادتیں، اظہار رائے کی آزادیوں پر عائد قدغنیں، جعلی مقابلے، تلاشی اور چھاپے کی کارروائیاں، حراست کے دوران اذیت ، تشدد اور ہلاکتیں، جبری گمشدگیاں، کشمیری قیادت اورنوجوانوں کی قید وبندکی صعوبتیں، پیلٹ گنز کا بہیمانہ استعمال، گھروں اور املاک کی تباہی و مسماری اور غلام بنانے کے دیگرمذموم ہتھکنڈوں کا استعمال شامل ہے۔ انسانیت کے خلاف ان تمام جرائم کے باوجود بھارت کشمیری عوام کے عزم کو متزلزل کرنے میں قطعی طورپر ناکام رہا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعہ جموں وکشمیر 1948 سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پرموجود ہے۔  یہ امر باعث افسوس ہے کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، پاکستان، عالمی برادری اور کشمیری عوام کے ساتھ اپنے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ بین الاقوامی برادری، انسانی حقوق کی تنظیمیں، عالمی میڈیا اور سول سوسائیٹی بھارت سے مطالبہ کرچکی ہیں کہ وہ خطے میں اپنا ظلم واستبداد ختم کرے۔ پاکستان کشمیریوں کی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق انہیں استصواب رائے کا اپنا جائز حق مل نہیں جاتا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر کے حل سے ہی خطے میں امن اور استحکام آ سکتا ہے:آرمی چیف
 

مزیدخبریں