اغوا ہونیوالی لڑکیوں کے اہم انکشافات، ملزموں کا14روز کا جسمانی ریمانڈ منظور

Aug 05, 2021 | 15:10:PM

 (24نیوز)لاہور سے اغواء ہونےوالی چاروں لڑکیوں نے  چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں، لڑکیوں نے بتایا کہ ایک ملزم نے انہیں نشہ آور مشروب بھی پلایا ۔

لڑکیوں نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ رکشہ ڈرائیور قاسم نے پنڈی اسٹاپ پر انہیں بوتلوں میں نشہ آور چیز ملا کر پلائی اور انہیں اپنے گھر گرین ٹاؤن لے گیا، جہاں سے قاسم انہیں اپنے ساتھی شہزاد کے گھر لے آیا۔لڑکیوں نے بتایا کہ ملزمان انہیں ایک رکشہ اور ایک گاڑی میں ساہیوال لے گئے، شہزاد کی گاڑی میں اس کی بیوی اور کنزیٰ سوار ہوئیں، جبکہ رکشے میں قاسم اور اس کی بیوی کے ساتھ انعم، عائشہ اور ثمرین تھیں۔

کنزیٰ نے بتایا کہ شہزاد اسے ساہیوال میں اپنے گھر لے گیا جہاں پہلے سے گڑیا نامی لڑکی موجود تھی، شہزاد نے اسے بتایا کہ گڑیا 10 ہزار روپے لے کر ایک رات کیلئے ہوٹلوں میں جاتی ہے۔لڑکیوں کے بیان کے مطابق انعم، عائشہ اور ثمرین کو شہزاد اپنے دوست آصف کے گھر چھوڑ آیا تھا۔کنزیٰ کے مطابق آصف کی بیوی زینت ڈانس کے لیے لڑکیوں کو بیرونِ ملک بھجواتی ہے۔
 دوسری جانب  لاہور کی عدالت نے ہنجروال کے علاقےکی 4 لڑکیوں کے اغواء کے واقعے میں ملوث 4 ملزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نعمان ناصر نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے شریک 2 خواتین ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔پولیس نے گرفتار ملزمان شازیہ، زینت، قاسم، نعیم، شہزاد اور آصف کو عدالت میں پیش کیا اور ملزمان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

چاروں بچیوں کے اغواء کا مقدمہ بازیاب ہونے والی کنزیٰ اور انعم کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ساہیوال پولیس نے گزشتہ روز بچیوں کو بازیاب کروا کر لاہور پولیس کے حوالے کیا تھا۔

مزیدخبریں