رحیم یارخان مندر پر حملہ۔۔ وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا

Aug 05, 2021 | 17:34:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے رحیم یار خان میں مندر پر ہونے والے حملے کا نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پررحیم یار خان میں واقع مندر پر حملے کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، مندر پر حملے کا واقعہ رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ میں پیش آیا، وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاٹھیوں سے مسلح افراد مندر میں توڑ پھوڑ کر رہے ہیں اور نعرے بھی لگا رہے ہیں۔
 ممبر قومی اسمبلی رمیش کمار نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دو درجن سے زائد افراد نے سدھی ونایک مندر پر ہلہ بولا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم آفس نے اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ متعلقہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور اس میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مکمل اجازت اور تحفظ فراہم کرتا ہے کہ وہ آزادانہ طریقے سے اپنی عبادات کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:جائز مقدمہ رجسٹرڈ نہ کرنے پر کس کیخلاف کارروائی ہو گی۔۔ آئی جی کا اہم بیان

مزیدخبریں