پنڈی کا شیطان اور جہلم کا ڈبو لچھے دار بکواس کرتے ہیں۔۔ رانا ثنا اللہ

Aug 05, 2021 | 18:27:PM
پنڈی کا شیطان اور جہلم کا ڈبو لچھے دار بکواس کرتے ہیں۔۔ رانا ثنا اللہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ تمام تر ثبوتوں کے باوجود مالم جبہ اور بی آر ٹی انکوائری بند اور شہباز شریف کیخلاف نئی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مودی اور بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میںظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ قربانی اور جدوجہد کی لازوال مثالیں قائم کرنے پر تمام کشمیری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ 
 رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ سفارتی اور اخلاقی محاذ پر کشمیر کاز کی حمایت کی تھی لیکن 2 سال میں ہم اسے برقرار نہیں رکھ سکے کیونکہ ملک پر کٹھ پتلی حکومت مسلط ہے یہ حکومت بھارتی ظلم کیخلاف ایک قرارداد تک منظور نہیں کروا سکے۔ پراپیگنڈہ کرنا موجودہ حکومت کا وطیرہ ہے، یہ ملک اور خارجہ پالیسی کو پراپیگنڈے پر ہی چلا رہے ہیں۔ ہم کشمیریوں سے شرمندہ ہیں ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ ہیں۔ اللہ کشمیر کو آزادی نصیب فرمائے۔
 لیگی رہنما نے کہا کہ لاک ڈاؤن ہوتا ہے یا نہیں ہوتا، یورپ نے موثر لاک ڈاؤن کیا لیکن یہ ملک میں لاک ڈاؤن نہیں کر سکے بلکہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے نام پر فراڈ لاک ڈاؤن کیا ۔2 بیریئر لگا کر پولیس والے کھڑے کر کے فرضی لاک ڈاؤن کیا جاتا ہے۔ اسد عمر پراپیگنڈہ کرتے ہیں یہ 3 سالوں میں کچھ نہیں کر سکے ۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کا بیڑہ غرق کر دیا ہے کیونکہ ان کا زور صرف سکولوں پر ہی چلا ہے۔ ہم محنتی قوم ہیں اور ہم پر اللہ کا فضل و کرم ہے جس کی وجہ سے ہماری قوت مدافعت زیادہ ہے اور اسی لئے کورونا کا اتنا اثر نہیں ہو سکا ۔ان کا کہنا تھا کہ اصل میں اس کے 2 حل ہیں۔ ایک احتیاطی تدابیر جس پر یہ عملدرآمد نہیں کروا سکے ہیں جبکہ دوسرا حل ویکسینیشن ہے۔ وہ بھی یہ حکومت مکمل نہیں کروا سکی ۔
لیگی رہنما نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاﺅن کے نام پر شریف فیملی کے گھروں کا گھیرا قابل مذمت ہے۔ اس علاقے کے تمام گھروں کے مکینوں اور ملازمین تک کی ویکسینیشن ہو چکی ہے اس علاقے میں 6 ماہ سے کورونا کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے یہ انتہائی گھٹیا حرکت ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن اس علاقے میں لگا دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنڈی کا شیطان لچھے دار بکواس کرتے ہیں لیکن شہباز شریف کیخلاف ایک روپے کی بھی کرپشن کا الزام یا ریکوری کا کوئی ثبوت نہیں ہے ،جہلم کا ڈبو بھی اس پر بات کرتا ہے۔ ہائیکورٹ میں انہوں نے عدالت کو کہا کہ ان کیخلاف کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے بلکہ ٹی ٹی کا کیس ہے اور وہ بھی ان کے اپنے اکاونٹ میں نہیں ہوئی ایسا ہی نواز شریف کے کیس میں ہوا کہ ایک روپے کا بھی الزام نہیں۔ تھا بابا رحمتے جیسے لوگ بڑے بڑے عہدوں پر رہے ہیں نواز شریف کے بقول ایون فیلڈ فلیٹس ان کے نہیں بلکہ ان کے بچوں کے ہیں جج ارشد ملک بھی کہہ چکے کہ انہوں نے پریشر میں آ کر سزا سنائی۔
 رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میرے خلاف کیس بنایا گیا کہ میں بین الاقوامی منشیات سمگلنگ گروہ کی سرپرستی کرتا ہوں لیکن 2 سالوں میں اس گروہ کا ایک بھی کارندہ نہیں پکڑا جا سکا ۔سہانرہ پارک کی توسیع کے دوران وہاں قابض غریب کسانوں کی درخواست پر اس وقت کے وزیراعلی کی ہدایت پر مختلف محکموں سے ہوتی ہوئی سمری آئی تمام محکموں نے ان قابضین کو زمین لیز پر دینے کی سفارش کی جس پر اس وقت کے چیف سیکرٹری ناصر محمود کھوسہ نے بھی سفارش کی ۔اس چیف سیکرٹری نے ہمارے ساتھ ساڑھے 3 سال کام کیا جبکہ ان کے ساتھ صحیح کام کرنے والا کوئی افسر 3 مہینے کام نہیں کر سکتا یہ کیس انتقامی کارروائی کے تحت چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب ان کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں وہ ہر ممکن حد تک اس سے بچنے کی کوشش کریں ۔نیب چیئرمین کو شاید توسیع کا لارا لگایا جا رہا ہے۔ یہ کیسز ہمیں اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات کالعدم قرار دے کر صاف شفاف انتخابات کروائے جائیں ۔
شہباز شریف نے 2018 کے انتخابات میں ناقص حکمت عملی کی بات نہیں کی۔ شاہد خاقان عباسی کو میں مل کر سمجھاﺅں گا ۔مسلم لیگ ن کا موقف میں نے سادہ الفاظ میں بیان کر دیا ہے کیا کوئی ایسی جماعت یا رہنما ہے کہ ہمارے موقف کو نہ مانے کیا صاف و شفاف انتخابات کا مطالبہ غلط ہے؟
انہوں مزید کہا کہ ملک پر مسلط کٹھ پتلی نے پنجاب کے بعد آزاد کشمیر میں بھی کٹھ پتلی کو مسلط کر دیا ہے ہماری کوشش ہے کہ آئندہ عام انتخابات جلد از جلد ہو جائیں، ہمیں محسوس ہو رہا ہے کہ عام انتخابات 2022 میں ہونے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری