وزیر اعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری کی تعیناتی ہائیکورٹ میں چیلنج 

Aug 05, 2022 | 16:46:PM

(24نیوز)وزیر اعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی تعیناتی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی گئی،عدالت سے محمد خان بھٹی کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
شہری اختر علی نے میاں داو¿د ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں مفاد عامہ کی آئینی درخواست دائر کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلی پنجاب کی تعیناتی آئین و قانون کیخلاف ہے، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی کی تعیناتی میں بدنیتی کو بھی بنیاد بنایا گیا ہے، قانون کے مطابق ایک سروس کیڈر کا افسر دوسرے سروس کیڈر میں تعینات نہیں کیا جا سکتا، محمد خان بھٹی کی بطور پرنسپل سیکرٹری تعیناتی کے دو نوٹیفکیشن جاری کئے گئے، ٹرانسفر پوسٹنگ کا پہلا سادہ نوٹیفکیشن، دوسرا نوٹیفکیشن ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کا کیا گیا، دونوں نوٹیفکیشن چودھری پرویز الہی کے بطور وزیر اعلی پنجاب حلف اٹھانے سے پہلے ہی جاری کئے گئے
 درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قانون کے مطابق ڈیپوٹیشن پر بھی ایک سروس کیڈر بدل کر دوسرے سروس کیڈر میں تعیناتی پر پابندی ہے، پرنسپل سیکرٹری کی آسامی ایس اینڈ جی اے ڈی کا کیڈر ہے، پرنسپل سیکرٹری کی آسامی پر صرف سول سروس یا پی ایم ایس سروس کا افسر تعینات ہو سکتا ہے۔
 درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ ڈیپوٹیشن پر ایک کیڈر کے افسر کی دوسرے کیڈر میں تعیناتی کے غیرآئینی ہونے کا اصول طے کر چکی ہے، درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلی پنجاب محمد خان بھٹی کی تعیناتی کالعدم قرار دے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کابینہ کی تقریب حلف برداری، گورنر پنجاب کا بڑا اعلان

مزیدخبریں