جس کا کام اسی کو ساجھے، وزیر اعظم شہباز شریف انڈر پاس کا افتتاح کئے بغیر ہی لوٹ گئے

Aug 05, 2023 | 00:47:AM

(24 نیوز) شہباز شریف نے سرکاری ادارے کو کنٹریکٹ دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد میں سرینہ چوک انڈر پاس کا افتتاح کئے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی مدت ختم ہونے اور اسمبلی تحلیل سے پہلے وزیر اعظم شہباز شریف نے مختلف منصوبوں کا افتتاح کرنا ہے، اسی سلسلے میں وزیر اعظم جب اسلام آباد میں سرینہ چوک انڈر پاس کا افتتاح کرنے پہنچے تو انہوں نے انڈر پاس کے کنٹریکٹر کو لے کر برہمی کا اظہار کیا اور افتتاح کئے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: خبردار ہوشیار! ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے، اسمبلی سے بل منظور

انہوں نے منصوبے کا کنٹریکٹ ریلوے کو دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمن کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور سیکرٹری ریلوے کو جھاڑ پلا دی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ادارے کا کیا کام کہ وہ انڈرپاس تعمیر کرائے، ریلوے کی اپنی کارگردگی سب کے سامنے ہے، ریلوے پہلے اپنے حالات تو بہتر کر لے پھر تعمیرات کا کام بھی کر لے، وزارتوں کا کب سے کام کب سے ہو گیا کہ وہ سڑکیں بنائیں۔

وزیر اعظم نے افتتاح سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا افتتاح نہیں ہو سکتا، یہ میں نہیں کروں گا، یہ غلط ہے، اس منصوبے کا دوبارہ سے کنٹریکٹ دیا جائے اور اس بار کسی اچھی کمپنی کا انتخاب کیا جائے۔

سیکرٹری ریلوے کی جانب سے بتایا گیا کہ ریلوے کنسٹریکشن کمپنی 1980 سے کام کر رہی ہے اور اب تک 25 سے زائد برجز بنا چکی ہے۔ جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے جواب دیا کہ بھائی کہاں یہ کمپنی کام کر رہی ہے میں 13 سال تک پنجاب میں رہا ہوں میں نے تو کبھی نام نہیں سنا اس کمپنی کا۔ انہوں نے جاتے جاتے کہا کہ آپ اس کی پریزنٹیشن مجھے دیں میں پھر فیصلہ کروں گا۔

مزیدخبریں