(وقاص عظیم) ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ساتویں مردم شماری کے اعدادوشمار کے مطابق ملکی آبادی 24 کروڑ سے بھی بڑھ گئی ہے۔
ترجمان ادارہ شماریات محمد سرور گوندل کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ساتویں ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کے حتمی اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی کل آبادی 241.49 ملین (24 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزار) افراد پر مشتمل ہے، آبادی میں اضافے کی شرح 2.55 فیصد ہے، صوبہ پنجاب کی کل آبادی 127.68ملین (12 کروڑ 76 لاکھ 80 ہزار)، صوبہ سندھ کی کل آبادی 55.69 ملین (5 کروڑ 56 لاکھ 90 ہزار)، خیبر پختونخوا ہء کی کل آبادی 40.85 ملین (4 کروڑ 8 لاکھ 50 ہزار)، بلوچستان کی کل آبادی14.89 ملین (ایک کروڑ 48 لاکھ 90 ہزار) جبکہ اسلام آباد کی آبادی 2.36 ملین (23 لاکھ 80 ہزار) افراد پر مشتمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی کا لاک اپ تیار، کیا کیا سہولیات میسر ہوں گی؟ تفصیلات آ گئیں
ترجمان ادارہ شماریات نے مزید کہا کہ پنجاب میں آبادی کے اضافے کی شرح2.53 فیصد ، سندھ میں 2.57 فیصد ، بلوچستان میں3.20 فیصد ، خیبر پختونخوا ہء میں2.38فیصد اور اسلام آباد میں 2.81فیصدہے، پاکستان کی دیہی آبادی 61.18 فیصد جبکہ شہری آبادی 38.82 فیصد ہے، خیبر پختونخواہ کی 84.99 فیصد آبادی دیہی جبکہ 15.01 فیصد شہری، پنجاب کی 59.30 فیصد آبادی دیہی جبکہ 40.70 فیصد شہری، سندھ کی 46.27 فیصد آبادی دیہی اور 53.7 فیصد شہری، بلوچستان کی 69.04 فیصد آبادی دیہی جبکہ 30.96 فیصد شہری آبادی ہے اور اسلام آباد کی 53.10 فیصد آبادی دیہی جبکہ 46.90 فیصد آبادی شہری ہے۔
ترجمان ادارہ شماریات سرور گوندل نے مردم شماری سے متعلق بات کرتےہوئے کہا کہ پاکستان کی ساتویں خانہ و مردم شماری جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا ڈیجیٹلائزیشن پراجیکٹ ہے، ساتویں خانہ و مردم شماری میں بروقت مانیٹرنگ، شفافیت ، اعدادوشمار کے معیار اور مکمل کوریج کو یقینی بنانے کے لیے جعرافیائی معلوماتی نظام کا استعمال کیا گیا، پورے پاکستان کے گوگل کی طرز پر ڈیجیٹل نقشےبنائے گئے اور اس پرہر گھر ، سکول ، فیکڑی ،دفتر ، دوکان، ہسپتال وغیرہ کو جیو ٹیگ کیا گیا.